’’جیک پاٹ‘‘

بنکاک کی خوبصورت لوکیشنز پرفلمائی جدید فلم


ق۔ الف June 26, 2018
بنکاک کی خوبصورت لوکیشنز پرفلمائی جدید فلم

گزشتہ چند سالوں سے پاکستان فلم انڈسٹری کی حالت کسی حد تک بہتری کی طرف گامزن ہے، بولی ووڈ اور ہولی ووڈ فلموں کے مقابلے میں پاکستانی فلمو ں کو بھی باکس آفس پر اچھا رسپانس مل رہا ہے۔ جس سے ایک طرف جہاں سنی پلیکس سینما ملک بھر میں بننے لگے ہیں تو وہیں پر پاکستانی فلموں میں بھی سرمایہ کاری کرنے کا رحجان فروغ پا رہا ہے۔

فلم اور سینما انڈسٹری کے بہتر ہوتے حالات نے نئے لوگوں کے ساتھ سینئر فلم میکرزاور فلمی اداروں کوبھی دوبارہ سرگرم کردیا ہے۔ اورینٹل فلمز، فلم میکنگ کے حوالے سے ایک معتبر اور مقبول ادارہ ہے جس کے روح رواں چوہدری ریاض نے ''سلطانہ ڈاکو''، ''وچھوڑا''، ''جانی دشمن''، ''دیس میرا جی داراں دا''، ''لٹیرا''، ''کرما''، ''حفاظت''، ''سنگرام'' ، ''خاندان''، ''ملن''،''زلزلہ''، '' ڈاکوحسینہ''، ''خو ن اور پانی'' جیسی یادگار فلمیں پروڈیوس کرنے کے ساتھ ان گنت فلمیں اسی ادارے کے بینر تلے ریلیز کی ہیں۔

چوہدری ریاض کے صاحبزادے خرم ریاض جن کا شمار ٹی وی ڈراموں کے معروف پروڈیوسرز میں ہوتا ہے انہوں نے اورینٹل فلمز کے بینر تلے نوجوان ڈائریکٹر شعیب خان کے ساتھ مل کرمیگا بجٹ فلم ''جیک پاٹ'' بنائی ہے۔ جس میں سنیئر اداکا ر جاوید شیخ، ثناء ، فائزہ خان،نور حسن، عنایت خان، اسماعیل تارا ، عدنان شاہ ٹیپو، صنم چوہدری اور ریحانہ ملہوترا سمیت کئی نامور سٹارزشامل ہیں ۔ یہ پہلی پاکستانی فلم ہے جس کے گانے اور سین تھائی لینڈ کے فوکھٹ جزیرے، جیمز بانڈ اور کورل آئس لینڈ میں پکچرائز کئے گئے ہیں۔ اس میوزیکل اور کامیڈی فلم کے رائٹر بابر کشمیری ، میوزک ڈائریکٹر نوید واجد علی ناشاد اور کوریوگرافر سونو ڈینجرس ہیں۔

اس فلم کی ریلیز کے حوالے سے ''ایکسپریس'' کوخصوصی انٹرویود دیتے ہوئے پروڈیوسرخرم ریاض نے بتایا کہ فلم میکر کے لئے ضروری ہے کہ وہ فلم بینوں اور مارکیٹ کو ذہن میں رکھ کر فلم بنائے، میں ایک ایسی کمرشل فلم بنانا چاہتا تھا جس کی کہانی ، ڈائریکشن ، پروڈکشن کے ساتھ اس کا میوزک بھی لاجواب ہو۔ پچھلے چند سالوں سے جو فلمیں بن رہی ہیں ان میں سے کوئی بھی ایسی قابل ذکر فلم نہیں کہ جس کے گانے مقبول ہوئے ہوں۔ دراصل اس شعبے پر بالکل توجہ ہی نہیں دی جارہی حالانکہ بھارت اور پاکستان میں بننے والی فلمیں میوزک کے بغیر بالکل ادھوری سمجھی جاتی ہیں۔ بولی وڈ میں پلے بیک سنگنگ ماضی جیسی تو نہیں البتہ کمرشل لحاظ سے گانوں پر ابھی بھی توجہ دی جاتی ہے۔

کافی عرصہ سے ہدایتکار شعیب خان کے ساتھ فلم بنانے کی پلاننگ کر رہا تھا، جس کے لئے ہم کامیڈی میوزیکل اور رومانٹک سکرپٹ کی تلاش میں تھے۔ متعدد رائٹرز کے ساتھ میٹنگز ہوئیں مگر ہمیں مطلوبہ سکرپٹ نہیں مل رہا تھا مگر جب رائٹر بابر کشمیری نے فلم ''جیک پاٹ'' کا آئیڈیا سنایا تویہ ہمیں بھا گیا۔ ہمارا مقصد معیاری اور بین الاقوامی معیار کی ایسی فلم بنانا تھی جو پاکستان فلم انڈسٹری میں نئے رحجانات کو متعارف کروانے کے ساتھ کمرشل فلموں کے مزاج کو بھی بدل کر رکھ دے۔ جس کے لئے اسکرپٹ اور میوزک کے علاوہ پروڈکشن سمیت دیگر شعبوں پر کسی قسم کا کوئی کمپرومائز نہیں کیا۔ اس فلم میں ٹی وی کے معروف فنکارہ صنم چوہدری،نور حسن اور عنایت خان ڈیبیو کرر ہے ہیں۔ اداکارہ صنم چوہدری اور نور حسن پرگیت''شکریہ شکریہ''، عنایت خان اور ریحانہ ملہورترا کا ''ہے نیا نیا'' جوتھائی لینڈ میں فلمائے گئے ہیں، ان کے ٹیزرلانچ کے فوراًبعد لوگوں کی توجہ کا مرکز بن گئے تھے۔ فلم کا ٹریلر بھی پچھلے ہفتے لانچ کردیا گیا جو سینماؤں میں دکھایا جارہا ہے ۔

اس حوالے سے اداکارہ صنم چوہدری نے کہا کہ فلم اور ٹی وی ڈرامہ میں زمین آسمان کا فرق ہے ، اچھی بات یہ ہے کہ چند سالو ں میں فلم انڈسٹری بہتری کی جانب گامزن ہے۔فلم کرنا تو ہر فنکار کا خواب ہوتا ہے میں کسی ایسے فلمی پراجیکٹ کی متلاشی تھی کہ جو اپنے سکرپٹ، میوزک سمیت دیگر شعبوں کے حوالے سے واقعی فلم ہو۔ شعیب خان اور خرم ریاض ٹی وی پروڈکشن کے حوالے سے جانے پہچانے نام ہیں۔

اداکار نور حسن نے کہا کہ فلمیں تو بہت بن رہی ہیں مگر ایمانداری سے کہنا چاہوں گاکہ ''جیک پاٹ'' کے ذریعے ڈیبیو کرنا میری خوش قسمتی ہے۔ شعیب خان نے جس طرح سے ٹی وی انڈسٹری میں اپنی ایک الگ شناخت بنائی اسی طرح وہ ایک کامیاب فلم ڈائریکٹر بھی ثابت ہوں گے کیونکہ وہ فلم اور ٹی وی کے فرق کو اچھی طرح سمجھتے ہیں۔انہوں نے ایک ایک سین کو بڑی محنت اور مہارت سے شوٹ کیا ہے جو ان کی پیشہ وارانہ صلاحیت کی عکاسی کرتے ہیں۔ ''جیک پاٹ'' حقیقی معنوں میں فلم ہے جس کا ہر سین فلم بینوں کو اپنے سحر میں گرفتار کرلے گا ۔

اداکار عنایت خان نے کہا کہ فلم میں اداکارہ ریحانہ ملہوترا کے ساتھ پیئر ہے اور ہم پر فلمایا گیا گیت''ہے نیا نیا''کا ٹیزر سوشل میڈیا پر پسند کیا جارہا ہے۔ یہ فلم پاکستان فلم اور سینما انڈسٹری کے لئے سنگ میل ثابت ہوگی۔ ایسی فلمیں ہی فلم انڈسٹری کے بحران کو ختم کرنے کے ساتھ بین الاقوامی مارکیٹ میںاپنا آپ منوا سکتی ہیں۔ اداکارہ ثناء نے کہا کہ ابھی تک جن چند ایک نوجوان ڈائریکٹرز اور پروڈیوسرز کے ساتھ فلمیں کیا، ان میں شعیب خان نے متاثر کیا ہے ،انہوں نے کہیں بھی محسوس نہیں ہونے دیا کہ ان کی بطور ڈائریکٹر پہلی فلم کر رہے ہیں۔

انہوں نے فلم کے اسکرین پلے ، کہانی ، کردار اور میوزک پر پیپرورک کیا ہے۔ جہاں تک میرے کردار کی بات ہے تو یہ میرے کیرئیر کی بہترین پرفارمنس میں سے ایک ہوگا اور فلم بینوں کو بھی میرا یہ روپ پسند آئیگا۔ سنیئر اداکار جاوید شیخ نے کہا کہ نئے ٹیلنٹ کی ثابت قدمی نے فلم کی ڈولتی ناؤ کو سہارا دیا ہے،کچھ عرصہ پہلے تک فلم میکنگ کو گھاٹے کا سودا قرار دیتے ہوئے کوئی بھی سرمایہ کاری کرنے کو تیار نہیں تھا۔سینما ؤں میں بولی وڈ فلموں کی نمائش کے بعد تو اور بھی زیادہ ناامیدی کے سائے منڈلانے لگے تھے۔ ان حالات میں مجھ سمیت چند ایک لوگوں کی کوششیں بھی رائیگاں ہوتی جارہی تھیں۔یہ نوجوان فلم میکرز کو ہی کریڈٹ جاتا ہے کہ جنہوں نے ہمت دکھائی اور ناممکن کو ممکن کر دکھایا۔

رائٹر بابر کشمیری نے کہاکہ شعیب خان کا کام دیکھ کر ہی انہیں مشورہ دیا تھا کہ آپ فلم ڈائریکٹ کریں جس پرانہوں نے خرم ریاض کے ساتھ مل کر فلم بنانے کا فیصلہ کیا تو انہیں ''جیک پاٹ'' کی کہانی پسند آئی ، یہ ایک مکمل انٹرٹین، کامیڈی، رومانٹک اور میوزیکل فلم ہوگی جس میں سنیئر اداکار جاوید شیخ اپنے کیرئیر کا یادگار رول کرر ہے ہیں جو فلم بینوں میں مقبولیت حاصل کریگا۔

میوزک ڈائریکٹر نوید واجد علی ناشاد نے کہا کہ اچھا میوزک اسی وقت بنتا ہے جب پروڈیوسر اور ڈائریکٹر بھی اس کو سمجھتے ہوں۔ بطور ڈائریکٹر متعدد فلموں کا میوزک دیا مگر پہلی مرتبہ فلم کے گانے سچوایشن کے مطابق بنائے گئے ہیں یہ گانے گلوکارہ افشاں فواد،عاصم اظہر ،امانت علی ، بینا خان کی آواز میں ریکارڈ کئے ہیں۔

ہدایتکار شعیب خان نے کہا کہ لوگ سینما انٹرٹین ہونے کے لئے جاتے ہیں، اس لئے سنجیدہ موضوع کی بجائے ہلکی پھلکی کامیڈی اور میوزیکل فلم بنانے کو ترجیح دی، ''جیک پاٹ'' کے لئے ٹی وی اور فلم کے معروف فنکاروں کا انتخاب کیا وہیں پر اس کی لوکیشنز پر بھی کمپرومائز نہ کرتے ہوئے تھائی لینڈ میں ان مقام پر شوٹ کیا گیا جہاں پرہولی وڈ اور بولی وڈ کے بعد یہ پہلی پاکستانی فلم کی شوٹنگ کی گئی۔ انہوں نے کہا فلم کی عکسبندی معروف بھارتی کیمرہ مین انوبھو بینسل نے کی ہے جن کیساتھ اگلی فلم بھی پلان کی ہے۔انہوں نے کہا کہ فلم کے ٹیزر اور ٹریلر سے جو ہمیں رسپانس مل رہا ہے اس سے ہمارے حوصلے بڑھ گئے ہیں۔ واضح رہے کہ فلم چھ جولائی کونمائش کیلئے پیش کی جائے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں