فیشن کے بدلتے رجحانات نے پوری دنیا کو اپنا گرویدہ بنا رکھا ہے صائمہ اظہر

خوبصورت رنگوں میں تیارکردہ ملبوسات تمام عمر کے لوگوں کی اولین ترجیح بن جاتے ہیں


Qaiser Iftikhar June 26, 2018
ضروری ہے کہ فیشن ڈیزائنر کوفلم کا حصہ بنایا جائے تاکہ فلموں کے معیارمیں بہتری آسکے: فوٹو : فائل

سُپرماڈل واداکارہ صائمہ اظہر نے کہا ہے کہ فیشن کے بدلتے رجحانات نے پوری دنیا کواپنا گرویدہ بنا رکھا ہے۔

صائمہ اظہر نے کہا آئے روزنت نئے انداز متعارف کروائے جاتے ہیں اوریہ اسٹائل بن کرراتوں رات پوری دنیا میں پھیل جاتے ہیں۔ مذہبی اورقومی تہواروں کے ساتھ بدلتے موسموں کی مناسبت سے خوبصورت رنگوں میں تیارکردہ ملبوسات تمام عمر کے لوگوں کی اولین ترجیح بن جاتے ہیں۔ دیکھا جائے تواس وقت فیشن انڈسٹری کے رنگ ہمیں فلموں، ٹی وی ڈراموں ، میوزک پروگراموں سمیت دیگرمیں نمایاں دکھائی دیتے ہیں۔ یہ فیشن انڈسٹری ہی ہے جس نے لوگوںکواپنے اہم تہواروںکویادگاربنانے کیلیے منفرد رنگوں میں بنے ملبوسات کے انتخاب کی پہچان دی ہے۔ اگراسی طرح فیشن کے رنگ فلموںمیں نمایاں کیے جائیں توپاکستانی ثقافت کوپوری دنیاتک متعارف کروایا جاسکتا ہے۔ ان خیالات کااظہارانھوں نے ''ایکسپریس''سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔ صائمہ اظہرنے کہا کہ مجھے فخر ہے کہ میرا تعلق پاکستان فیشن انڈسٹری سے ہے۔

اس وقت پاکستانی فیشن انڈسٹری کی شہرت کے چرچے دنیا کے ان ممالک میں بھی ہورہے ہیں جن کوفیشن کاگھر کہا جاتا ہے۔ فرانس اوراٹلی کے ساتھ ہمارے پڑوسی ملک بھارت میں بھی پاکستانی فیشن انڈسٹری کی شہرت ہے۔ ہمارے ڈیزائنرزمتعدد بار دنیا کے بیشترممالک میں ہونیوالے فیشن ویک میں حصہ لے چکے ہیں اوروہاں پرانھیں بہترین رسپانس ملا ہے۔

جہاں تک بات بطورماڈل میری ہے تومیں نے ہمیشہ کوشش کی ہے کہ بہترین کام کروں۔ ریمپ پرکیٹ واک ہویا فوٹوشوٹس، میں نے اپنی فنکارانہ صلاحیتوں کااظہارکیا ہے اوریہی وجہ ہے کہ مجھے لوگ پسند کرتے ہیں۔ لیکن اب میں نے باقاعدہ ایکٹنگ کے شعبے میں قدم رکھ دیا ہے۔ بطورفلمی اداکارہ میں دیکھتی ہوں کہ ابھی تک ہمارے ہاں بننے والی فلموں میں ملبوسات پرکچھ خاص توجہ نہیں دی جاتی۔ اس لیے ضروری ہے کہ فیشن ڈیزائنر کوفلم کا حصہ بنایا جائے تاکہ فلموں کے معیارمیں بہتری آسکے۔ اس سے ایک طرف تولوگ کوکچھ نیا دیکھنے کوملے گا اوران کی فیشن کے حوالے سے سوچ بھی بدلے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں