شامی فوج کی بمباری 70 باغی جاں بحق

بمباری درعا میں کی گئی، شامی فوج کو روسی فضائیہ کی مدد حاصل تھی

اردن میں اس وقت بھی6 لاکھ60ہزاررجسٹرد شامی مہاجرین پناہ لیے ہوئے ہیں، ترجمان فوٹو: سوشل میڈیا

شام میں صدر بشارالاسد کی حامی فوج کی بمباری میں70باغی جاں بحق ہوگئے روسی وزارت دفاع کے مطابق شام کے جنوبی حصے (غیر عسکری علاقے) میں باغیوں کاحملہ پسپا کردیا گیاہے۔


روسی خبر رساں اداروں نے ملکی وزارت دفاع کے حوالے سے بتایاکہ اس دوران شامی فوج کے ہاتھوں 70 باغی حملہ آور جاں بحق ہوئے۔ آپریشن میں شامی فوج کو روسی فضائی مدد بھی حاصل تھی۔ شامی فورسز ملک کے جنوبی صوبہ درعا میں باغیوں کے خلاف پیش قدمی کررہی ہیں۔ صوبے درعا کے مشرق کی طرف واقع باغیوں کے زیر قبضہ علاقوں سے پچھلے ایک ہفتے کے دوران قریب20 ہزار افراد نقل مکانی کر چکے ہیں۔ شامی فوج نے درعا میں باغیوں کے ٹھکانوں پر بیرل بموں سے حملہ کیا۔

اردن نے کہا ہے کہ شامی حکومت کی جانب سے اردن کی سرحدکے قریب شام کے جنوبی حصے میں شروع کی گئی نئی کارروائی کے سبب وہاں سے نکلنے والے مزید شامی باشندوں کو اردن میں قبول نہیں کیا جائے گا۔ امریکا نے باغیوں سے کہاہے کہ وہ اس بات کی توقع نہ رکھیں کہ امریکا ان کے دفاع کیلیے کوئی کارروائی کرے گا۔ اردن حکومت کی خاتون ترجمان جمانہ غنیمات نے کہاہے کہ اردن قومی مفادات کے تحفظ کے لیے امریکا اور روس کے ساتھ مل کر کام کر رہاہے۔ اردن میں اس وقت بھی 6 لاکھ 60 ہزاررجسٹرد شامی مہاجرین پناہ لیے ہوئے ہیں۔
Load Next Story