ایشین سینئر اسکواش کئی انٹرنیشنل پلیئرز ایکشن میں نظر آئیں گے

انتظامات کوتاحال حتمی شکل نہیں دی جا سکی،روشن خان کمپلیکس کی عمارت کا خراب حال، لائٹس بھی کام نہیں کررہیں.

انتظامات کوتاحال حتمی شکل نہیں دی جا سکی،روشن خان کمپلیکس کی عمارت کا خراب حال، لائٹس بھی کام نہیں کررہیں۔ فوٹو: فائل

17ویں ایشین انفرادی سینئر اسکواش چیمپئن شپ کا آغاز بدھ کو پاکستان اسپورٹس کمپلیکس کے مصحف اورروشن خان کمپلیکس میں ہوگا۔

اس دوران کئی انٹرنیشنل پلیئرز ایکشن میں نظرآئیں گے، سیکریٹری پی ایس ایف ونگ کمانڈر عبدالوہاب مروت نے بتایا کہ ایونٹ میں میزبان کے ساتھ چین، ملائیشیا، ہانگ کانگ، کویت، اردن، ایران، سری لنکااور عراق کے کھلاڑی بھرپور انداز میں شرکت کریں گے، ان میں اونگ بینگ ہی، محمد اشرف، نفیظ(ملائیشیا)، میکس لی اور لیو (ہانگ کانگ )، عبداﷲ، احمد اور علی بدر(کویت)،احمد ال زہابدی(اردن)، الزریا،عرفان، نوید، محمد محسن جعفری (ایران) ،محمد فرمان،ہاشم ( عراق)، ونگ اور شین ( چین )، رویندر، دلشان (سری لنکا ) شامل ہیں، پاکستان کے ٹاپ پلیئرزعامر اطلس، ناصر اقبال، فرحان زمان، دانش اطلس، فرحان محبوب اورمجتبیٰ بخاری بھی ایکشن میں نظر آئیں گے۔

خواتین میں لیووین، ذول ہان، اینی(ملائیشیا)، ڈیلا، ژونگ (ہانگ کانگ)، لی، گوئی، ایژیو (چین ) ،مہیلا، نندنی، دلکشی ( سری لنکا ) شریک ہوں گی،پاکستان کی ماریہ طور، روشنا محبوب، زویا خالد، ثمینہ شوکت، رفعت خان اور سمیر انجم اسکواش کورٹس میں اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائیں گی۔ دریں اثنا5 مئی تک جاری رہنے والے ایونٹ کے انتظامات کو تاحال حتمی شکل نہیں دی جا سکی ہے،پی ایس ایف نے پی ایس بی کے ڈائریکٹر جنرل کوتحریری طور پر آگاہ کیا تھا کہ روشن خان کمپلیکس کی عمارت انتہائی خراب حالت میں ہے، مین اسکواش کورٹ اور پریکٹس کورٹس کی برقی لائٹس بھی درست طور پر کام نہیں کررہیں،کمپلیکس میں بورڈ کے ملازمین رہائش پذیر ہیں، اس وجہ سے بھی انتظامات مکمل کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔




دوسری جانب پاکستان اسپورٹس بورڈ کے ترجمان نے یقین دہائی کرائی کہ لائٹس کا کام منگل تک مکمل کرتے ہوئے ملازمین کو ہوسٹل میں متبادل رہائش فراہم کردی جائے گی۔ علاوہ ازیںایونٹ میں شریک ملائیشیا کے نمبر ون اسکواش پلیئر اونگ بینگ ہی نے کہا کہ عالمی شہرت یافتہ کھلاڑیوں جہانگیر خان اور جان شیرخان کے وطن میں کھیلنا اعزاز ہے، یہ آسان ایونٹ نہیں اورہر کھلاڑی بھرپور تیاری کے ساتھ آیا ہے، نمائندہ ''ایکسپریس'' سے گفتگو میں انھوں نے کہا کہ پاکستانی کھلاڑیوں کو آسان نہیں سمجھا جاسکتا۔

یہ واحد ملک ہے جس کے کھلاڑی کسی وقت اپ سیٹ کرسکتے ہیں، پاکستان جانے سے قبل میرے قریبی دوستوں نے مجھے منع کیا تھا لیکن میں سمجھتا ہوں کھلاڑی تو امن کے سفیر ہوتے ہیں، ہم امن کی بحالی اور اسکواش کی ترقی کے لیے یہاں آئے ہیں، کارکردگی میں بہتری لانے میں میرے سابق کوچ جمشید گل کی کاوشیں بھی شامل ہیں، مجھے یقین ہے کہ پاکستانی کھلاڑی مجھے اور دیگر مہمان کھلاڑیوں کو ٹف ٹائم دیں گے۔ دوسری جانب ایشین اسکواش فیڈریشن نے چیمپئن شپ کے آفیشلزکا اعلان کردیا،کینیڈا کے جوناتھن پاور بطور مہمان کھلاڑی ایونٹ میں حصہ لیں گے، اے ایس ایف کے صدر ڈیوڈ موئی اور ہانگ کانگ کے کاری کے ساتھ ٹیکنیکل آفیشلز میں منیر شاہ (سنگاپور) ، محمد فیاض (ہانگ کانگ) ، رحمان عزیز(کویت) اور بدر (اردن) شامل ہیں۔
Load Next Story