کسی خلائی مخلوق کو نہیں جانتا قرآن میں جنات کا ذکر ہے شہباز شریف

پان کھانے والے کراچی کو لاہور بنادوں گا، سابق وزیر اعلیٰ پنجاب


ویب ڈیسک June 26, 2018
پان کھانے والے کراچی کو لاہور بنادوں گا، سابق وزیراعلیٰ پنجاب ۔ (فوٹو : ایکسپریس نیوز)

سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا کہنا ہے کہ کسی خلائی مخلوق کو نہیں جانتا قرآن میں صرف جنات کا ذکر ہے۔

کراچی کے دورے پر آئے مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کا دوسرا دن بھی مصروف گزرا انہوں نے مقامی ہوٹل میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پارٹی امیدواروں کے ناموں کا اعلان کیا اور صحافیوں کے سخت سوالوں کے دلچسپ جواب بھی دیئے۔

نوازشریف کے بیانیے سے متعلق پوچھے گئے سوال پر بات خلائی مخلوق تک پہنچی تو شہبازشریف نے قرآن شریف کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ کسی خلائی مخلوق کو نہیں جانتا قرآن میں صرف جنات کا ذکر ہے۔

'' پان کھانے والے کرانچی کو لاہور بنادوں گا ''


(ن) لیگ کے صدر نے کراچی میں گھرگھر پانی فراہم کرنے کا وعدہ دہرایا اور شہرقائد میں اپنا گھربنانے کا اعلان بھی کیا جب کہ پان کھانے والوں سے متعلق کہا کہ پان کھانے والے کرانچی کو لاہور بنادوں گا۔

'' پنجاب کا حساب دینے کے لیے تیار ہوں ''


شہبازشریف لیگی امیدوار قمرالاسلام کی گرفتاری سے متعلق سوال گول کرگئے مگر نیب پر تنقید کرنا نہیں بھولے اور کہا کہ صاف پانی اسکینڈل ہم نے پکڑا تھا اس وقت نیب کہاں تھی؟ نیب جو بتا رہا ہے وہ ہم نے تحقیقات کی تھی۔ انہوں نے مسلم لیگ (ن) کی 5 سالہ کارکردگی کا موازنہ کرنے کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کا حساب دینے کے لیے تیار ہوں جب کہ کراچی میں امن نواز شریف کی سیاسی بصیرت کا نتیجہ ہے۔

'' ہماری حکومت نے کراچی کا امن بحال کیا ''


کراچی میں مختلف وفود سے ملاقات کے دوران شہباز شریف نے کہا کہ کراچی ملک کا سب سے بڑا شہر اور معاشی حب ہے، کراچی سے اس لیے الیکشن لڑرہا ہوں کہ یہ پاکستان کا دل ہے، پہلے کراچی میں بھتا خوری اور ٹارگٹ کلنگ ہوتی تھی، ہماری حکومت نے کراچی کا امن بحال کیا، رینجرز اور پولیس کی خدمات کا اعتراف بھی ضروری ہے، دہشت گردی کا قوم اورفوج نے بڑی جان فشانی سے مقابلہ کیا۔

'' آئندہ کراچی میں تین اورنج میٹرو لائنز لائیں گے ''


شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سالڈ ویسٹ کی وجہ سے کراچی کا ماحول تبدیل ہوگیا ہے، کماؤ شہر کراچی کے 2 کروڑ کی آبادی کے ساتھ زیادتی ہے۔ یہاں پبلک ٹرانسپورٹ اہم مسئلہ ہے جس کی وجہ سے عام آدمی بحران میں مبتلا ہے، کراچی میں کم از کم 10 میٹرو لائن ہونی چاہئیے تھیں، ہم آئندہ کراچی میں 3 اورنج میٹرو لائنز لائیں گے۔ ترقی کی کنجی تعلیمی ادارے ہیں اگر ہم کراچی سے الیکشن جیت گئے تو منتخب ہونے کے بعد تعلیمی اداروں کا جال بچھایا جائے گا۔

صدر پاکستان مسلم لیگ(ن) نے کہا کہ ملک کی آبادی کا 60 فیصد 16 سے 30 سال کی عمر کے نوجوانوں پر مشتمل ہے، پاکستان کے نوجوان انتہائی باصلاحیت ہیں جنہیں طاقتور بنانا ہے، اسٹیٹ بینک کو پابند بنائیں گے کہ وہ نوجوانوں کو آسان شرائط پر قرضے فراہم کریں، ملک میں سب سے بڑا چیلنج پانی کی قلت ہے الیکشن جیت کر آبی قلت پر قابو پائیں گے۔ ملک میں چھوٹے ڈیموں کی اشد ضرورت ہے، کالا باغ ڈیم پر بحث کرنا وقت کے ضیاع کے مترادف ہے، پانچ سال میں بھاشا ڈیم کا 70 فیصد کام ہوسکتا ہے، ہم نے اگر بھارت پر انحصار کیا توہم تباہ ہوجائیں گے، اب ہمیں ڈیمز بنانے ہیں ہمیں موقع ملا تو اولین ترجیح بھاشا ڈیم بنانا ہوگی، بھاشا ڈیم سے سندھ کی ضرورت پورا کریں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |