نواز شریف اور ان کے خاندان کا بہت لحاظ کیا چوہدری نثار

ٹکٹ کے لیے درخواست دینا میری عزت نفس کے خلاف تھا، سابق وزیر داخلہ


ویب ڈیسک June 27, 2018
انتخابات میں لوگ بتائیں گے ن لیگ کے ٹکٹ کا اصل حقدار کون تھا، چوہدری نثار (فوٹو: فائل)

ن لیگ کے ناراض رہنما چوہدری نثار نے کہا ہے کہ میں نے میاں نواز شریف اور ان کے خاندان کا بہت لحاظ کیا اور بہت حجاب رکھا لیکن اب میں آزاد حیثیت میں انتخاب لڑوں گا اس وقت میرا (ن) لیگ یا پی ٹی آئی سے کوئی رابطہ نہیں۔

ٹیکسلا میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مودی مسلمانوں کے حق میں بول اٹھے، سورج مشرق کے بجائے مغرب سے نکل آئے لیکن سرور خان وفا نہیں کرے گا، اگر کسی گدھے کو تخت نشین کردو تو وہ گدھا ہی رہتا ہے۔

سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ انتخابات میں ٹکٹ چاہیے ہوتا تو بڑے ٹکٹ تھے مگر میرا مان ہے آپ پر، میں نے کسی کی خوشامد نہیں کی وفاداری نبھائی، ٹیکسلا والے ٹکٹوں والوں اور بے ٹکٹوں کو ایک ہی ووٹ سے بوریا بستر گول کرنے پر مجبور کردیں گے، یہ مخلوق خدا میرے لیے ٹکٹ ہے، میں ایک ٹکٹ کے لیے درخواست دے سکتا تھا لیکن یہ میرے عزت نفس کے خلاف تھا لوگ بتائیں گے کہ ن لیگ کے ٹکٹ کا اصل حقدار کون ہے۔

چوہدری نثار نے کہا کہ اب یہ یاجوج ماجوج بات کریں گے تو انہیں جواب دوں گا اور اب ان سے کھلی جنگ ہوگی، ان کے چند حواری ایسے ہیں ان کی کہانیاں کھولوں تو آپ کانوں پر ہاتھ رکھیں۔

لیگی رہنما نے کہا کہ میرا یہ کہنا کہ عدلیہ اور فوج سے مت لڑو کیا غلط تھا؟ میں نے کونسا جرم کیا؟ میں نے نواز شریف تم سے کون سی زیادتی کی؟ میں نے بہت لحاظ رکھا میاں نواز شریف اور اس کے خاندان کا اور بہت حجاب رکھا لیکن اب مجھے آزاد حیثیت میں لڑنا ہے میرا ن لیگ یا پی ٹی آئی سے کوئی رابطہ نہیں، میں کسی کے ٹکٹ کا محتاج نہیں ہوں، اگر میرا مخالف مرد کا بچہ ہے تو جس طرح میں ٹکٹ سے علیحدہ ہوا ہوں اسی طرح پی ٹی آئی کے ٹکٹ سے علیحدہ ہوکر میدان میں آجائے۔

چوہدری نثار نے مزید کہا کہ کبھی انٹیلی جنس ایجنسیز کے ساتھ مل کر حلقہ تبدیل کروایا گیا، کبھی میرا مخالف کبھی پیپلز پارٹی اور مشرف آیا تو ق لیگ کا ممبر بن گیا، لوگ کام دیکھتے ہیں لوگ کردار دیکھتے ہیں، یہ نہیں کسی کو ٹکٹ مل جائے تو لوگ بغیر دیکھے ووٹ ڈال دیتے ہیں، میرے مخالف نے جگہ جگہ ٹیکسلا کو بیچا اور آج عمران خان کے سامنے لیٹ گیا ہے حالاں کہ عمران خان نے کھلے عام کہا کہ چوہدری نثار ٹکٹ لے یا اتحاد کرلے تو اس کے سامنے امیدوار کھڑا نہیں کریں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں