وی اے آر نے گروپ بی کی ترتیب الٹ پلٹ کردی

 ویڈیو ریفری کے نتائج پر بہت زیادہ اثرانداز ہونے پر بحث شدت اختیار کرگئی

پرتگال کالاسٹ16میں یوروگوئے سے میچ،اسپین کا نسبتاًکمزور روس سے سامنا

وی اے آر نے گروپ بی کی ترتیب ہی الٹ پلٹ کردی پرتگال کا راستہ دشوار اسپین کا آسان بن گیا ویڈیو ریفری کے نتائج پر بہت زیادہ اثرانداز ہونے پر بحث شدت اختیار کرگئی۔


تفصیلات کے مطابق فٹبال کی عالمی گورننگ باڈی فیفا کی جانب سے ورلڈ کپ میں ویڈیو اسسٹنٹ ریفری کے نفاذ کا اعلان کرتے وقت کہا گیا تھا کہ اس کی مداخلت کم سے کم ہوگی، مگر پیرکی شب گروپ بی کے اختتامی میچز میں اس سسٹم نے بہت ہی متنازع کردار ادا کیا،ایک ہی وقت میں کھیلے جانیوالے گروپ بی کے یہ دونوں مقابلے انجری ٹائم میں داخل ہو رہے تھے تو پرتگال ٹاپ پوزیشن اور اسپین کی ٹیم دوسرے نمبر پر رہتی ہوئی صاف دکھائی دے رہے تھی، مگر ویڈیو اسسٹنٹ ریفریز کے مشوروں نے پوری ترتیب ہی بگاڑ دی۔ کالننگارڈ میں کھیلے جانے والے میچ میں اسپین کی ٹیم مراکش کے خلاف 1-2 کے خسارے میں جا رہی تھی مگر وی اے آر نے ازبک میچ ریفری راؤشان ارماتوف کی آف سائیڈ کال کو منسوخ کرتے ہوئے مقابلہ برابر کرا دیا۔ اسی وقت سرانسک میں پیراگوئے سے تعلق رکھنے والے آفیشل اینرک کیسریس نے پرتگال کے سیڈرک ساؤریس کو ہینڈ بال کا مرتکب دیتے ہوئے ایران کو پنالٹی دے دی، انسانی آنکھ سے یہ چیز دکھائی ہی نہیں دی تھی۔

اس کا نتیجہ یہ نکلا کہ کریم نے اسپاٹ کک پر گیند کو جال کی راہ دکھا کر مقابلہ 1-1 سے برابر کردیا۔ اس طرح گروپ بی کے دونوں ہی مقابلے ڈرا ہوگئے، جس کی وجہ سے اسپین اور پرتگال کے پانچ پانچ پوائنٹس رہے،گول فرق کی بنیاد پر اسپینش ٹیم ٹاپ پر پہنچ گئی اور پرتگیز کو دوسرے نمبر پر رہنا پڑا، چار پوائنٹس کی وجہ سے ایران تیسرے اور ایک پوائنٹ کی حامل اسپینش ٹیم آخری نمبر پر رہی، اس طرح نیچے والی دونوں ٹیمیں اب گھر جائینگی، پرتگال کو اب لاسٹ 16 میں یوروگوئے کا سامنا کرنا پڑے گا جو اپنے گروپ میں ناقابل شکست رہی تھی،اسپین کی ٹیم خوش ہے کیونکہ اس کا سامنا نسبتاً کمزور روسی ٹیم سے ہوگا، فائنل تک اس کا راستہ آسان ہی دکھائی دے رہاہے۔
Load Next Story