حسن حسین نواز اور اسحاق ڈار کو انٹرپول کے ذریعے واپس لانے کی منظوری

نیب آج حسن نواز، حسین نواز اور اسحاق ڈار کو انٹر پول سے ریڈ وارنٹ جاری کرانے کیلیے وزارت داخلہ کو خط لکھے گی


ویب ڈیسک June 27, 2018
انٹرپول کو خط لکھنے کی منظوری چیئرمن نیب نے کل بورڈز آف ڈائریکٹرز سے مشاورت کے بعد دی۔ فوٹو : فائل

چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے حسن نواز، حسین نواز اور اسحاق ڈار کو انٹر پول کے ذریعے برطانیہ سے پاکستان لانے کی منظوری دے دی ہے۔

ذرائع کے مطابق چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے حسن نواز، حسین نواز اور سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو انٹر پول کے ذریعے برطانیہ سے پاکستان لانے کی منظوری دے دی ہے، نیب آج حسن نواز، حسین نواز اور اسحاق ڈار کو انٹر پول سے ریڈ وارنٹ جاری کرانے کے لیے وزارت داخلہ کو خط لکھے گی۔

ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم کے دونوں بیٹوں حسن نواز، حسین نواز اور سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو انٹر پول کے زریعے برطانیہ سے لانے کی منظوری چیئرمین نیب نے کل بورڈز آف ڈائریکٹرز سے مشاورت کے بعد دی، وزارت داخلہ کو نیب کی طرف سے درخواست ملنے کے بعد ہی وزارت داخلہ انٹر پول کو درخواست کرے گا جس کے بعد حسن، حسین اور اسحاق ڈار کے ریڈ وارنٹ جاری ہوں گے۔ پاکستان میں انٹر پول کا آفس نیب کی درخواست پر ریڈ وارنٹ جاری کرے گا جو انٹر پول کے فرانس ہیڈ آفس بجھوائے جائیں گے۔

واضح رہے کہ احتساب عدالت میں سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز پر نیب ریفرنسز کے حوالے سے مقدمات کی سماعت جاری ہے، لندن میں موجود سابق وزیراعظم نواز شریف کے صاحبزادے حسن اور حسین نواز بھی ایون فیلڈ سمیت تین ریفرنسز میں شریک ملزم ہیں جبکہ اسحاق ڈار پر آمدنی سے زائد اثاثے بنانے کا مقدمہ زیر سماعت ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔