آصف زرداری نے پاکستان کو تھوڑا سا بھی وقت دیا ہوتا تو آج ملک کی یہ حالت نہ ہوتی نواز شریف

وفاق اورتینوں صوبوں میں حکومتیں کرپشن میں مصروف رہیں لیکن پنجاب میں شہبازشریف کی حکومت پر کرپشن کا ایک بھی داغ نہیں


ویب ڈیسک May 01, 2013
ملک کو اندھیرے میں پرویز مشرف ڈبو کر گئے لیکن آصف زرداری نے توانائی کا بحران حل کرنے کے لئے کچھ نہیں کیا، نواز شریف فوٹو : ایکسپریس

صدر مسلم لیگ(ن) نواز شریف نے کہا ہے کہ آصف زرداری نے اگر پاکستان کو تھوڑا سا بھی وقت دیا ہوتا تو ملک کی یہ حالت نہ ہوتی جو آج ہے۔

سرگودھا میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ ہم نے اپنے دونوں ادوار میں ملک کو ترقی کی راہ پرگامزن کیا، ہماری حکومت مرحلہ وار ملک سے غربت کے خاتمے اور ترقی کے لئے کام کررہی تھی اور اگر عوام نے ہمیں ایک بار پھر موقع دیا تو دوبارہ پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کردیں گے اور عوام کا جو مسلم لیگ(ن) پر اعتماد ہے اس پر پورا اتریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو اندھیرے میں پرویز مشرف ڈبو کر گئے لیکن آصف زرداری نے توانائی کا بحران حل کرنے کے لئے کچھ نہیں کیا اگر آصف زرداری نے ملک کو تھوڑا سا بھی وقت دیا ہوتا تو نہ آج اندھیروں کا راج ہوتا اور نہ ہی غربت کا دور دورہ ہوتا۔

نواز شریف نے کہا پاکستان کے حکمران امریکا سے ڈر کر بات کرتے ہیں لیکن ہم نے ایٹمی دھماکا کرتے وقت سپر پاورکی آنکھوں میں آنکھ ڈال کر بات کی اور ان کی ہر پیشکش کو ملکی مفاد میں ٹھکرادیا، ہم نے جو بھی کام کئے وہ اپنے زروبازو پر کئے کسی سے بھیک مانگ کر نہیں کئے اور اگر ہماری حکومت کو اپنی مدت پوری کرنے دی جاتی تو آج پاکستان جہاں کھڑا ہوتا اس کا کوئی تصوربھی نہیں کرسکتا۔ انہوں نے کہا کہ وفاق اور تینوں صوبائی حکومتیں جب کرپشن میں ڈوبی ہوئی تھیں تو پنجاب میں شہباز شریف کی حکومت کو کرپشن سے پاک ترقیاتی کام کرانے کا سرٹیفکیٹ مل رہا تھا، پنجاب میں تمام کام میرٹ پر کئے گئے اور میرٹ کی حکمرانی سے ہی پاکستان اپنے پیروں پر کھڑا ہوسکتا ہے۔

صدر مسلم لیگ(ن) نے کہا کہ اقتدار میں آنے کے بعد اپنے دور حکومت کی اسکیم ''میرا گھر'' جسے پرویز مشرف نے بند کردیا تھا دوبارہ شروع کریں گے، بلوچستان اور کراچی کا امن بحال کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ڈکٹیٹر نے 14 مہینے مجھ سمیت پورے خاندان کو کال کوٹھری میں ڈال دیا اور پھر جلاوطن کردیا۔

اس سے قبل اسلام آباد میں تاجروں سے خطاب کرتے ہوئے نوازشریف نے کہا کہ میری یہ خواہش نہیں کہ وزیراعظم بن جاؤں میرا ایجنڈا یہ ہے کہ پاکستان کو مسائل کے دلدل سے باہر نکالوں، ملک کا مسئلہ صرف لوڈ شیڈنگ نہیں، دہشت گردی اوربے روزگاری بھی ہے اوراگر کوئی جماعت پاکستان کو ان مسائل سے نکال سکتی ہے تو وہ صرف مسلم لیگ(ن) ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے دوسرے لوگوں کی طرح صرف کرکٹ نہیں کھیلی بلکہ ملک کو ایٹمی طاقت بھی بنایا ہے۔

نوازشریف نے کہا کہ پنجاب کے علاوہ وفاق اورتینوں صوبوں میں حکومتیں کرپشن میں مصروف رہیں لیکن پنجاب میں شہبازشریف کی حکومت پر کرپشن کا ایک بھی داغ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومت ترقی اورعوام کے مسائل حل کرنے کے معنوں سے عاری تھی، 5 برسوں میں نہ تو ملک اورنہ ہی تاجروں کے لئے کوئی کام کیا گیا، ہماری حکومت ہوتی تو ملک سے لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کردیتے اورعوام کو مسائل کے دلدل سے بھی نکال لیتے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں