عوام وڈیروں اور سیاستدانوں سے پیسے بھلے ہی لیں لیکن ووٹ بلے کو دیں عمران خان

جس قدر ظلم سندھ کےعوام پر ہوتا ہے پاکستان میں کہیں نہیں ہوتا، عمران خان


ویب ڈیسک May 01, 2013
نئے پاکستان میں ملک کی تمام قومیتوں کو ان کے حقوق ملیں گے، عمران خان. فوٹو: فائل

تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان نے کہا ہے کہ بلوچ نے ہی اپنے بلوچ بھائی پر ظلم کیا ، حکومت میں آکر صوبے میں جاری فوجی آپریشن کا ہمیشہ کے لئے خاتمہ کردیں گے۔

جیکب آباد میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سندھ کے عوام ذوالفقار علی بھٹو اور بے نظیر بھٹو سے بہت محبت کرتے ہیں اور اسے ووٹ بھی دیتے ہیں لیکن اب پیپلز پارٹی بھٹو کی نہیں آصف زرداری کی جماعت بن چکی ہے نہ ہی مسلم لیگ قائد اعظم کی جماعت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے عوام ملک میں سب سے زیادہ مظلوم ہیں اور ان پر ظلم یہاں کے وڈیرے اور سیاستدان کرتے ہیں جو پیسوں کے بل بوتے پر ووٹ بٹورتے ہیں اور اقتدار میں آکر قوم کے مال پر ہاتھ صاف کرتے ہیں، انہوں نے کہا کہ عوام بھلے ان سے پیسے لیں لیکن ووٹ تحریک انصاف کو دیں کیونکہ یہ ہی جماعت ملک کو قائد اعظم کا پاکستان بنائے گی۔

اس سے قبل لورا لائی اور سبی میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قومیت کے نام پر سیاست کرنے والے ملک کو فائدہ نہیں پہنچا سکتے، ہمیں ملک کو ایک نظریئے پر متحد کرنا ہے۔تبدیلی کے بغیر پاکستان نہیں چل سکتا، ہمیں اپنی تقدیر بدلنی ہے،وہ عوام سے اپیل کرتے ہیں کہ اس مرتبہ شخصیت، قومیت یا فرقہ واریت کو نہیں نظریئے کو ووٹ دیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان ملک کا سب سے امیر صوبہ ہے لیکن یہاں کے عوام سب سے غریب ہیں، جو پیسہ بلوچستان کے لوگوں کوجانا چاہیے وہ یہاں کے وڈیروں اور جاگیرداروں کی جیبوں میں جاتا ہے جو ساری رقم ہڑپ کرجاتے ہیں،ماضی میں بلوچستان کے لوگ آزاد تھےلیکن اس کے بعد جو حالات ہوئےاس کے ذمے دار حکمران ہیں۔ عوام نے تحریک انصاف کو ووٹ دے کر کامیاب کرایا تو بلوچستان میں اغوا اور لاشوں کا سلسلہ بند ہوجائےگا۔بلوچستان کے مسئلے کو سیاسی طور پر حل کریں گے اور یہاں فوجی آپریشن کو ہمیشہ ہمیشہ کے لئے ختم کیا جائے گا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ عوام 11 مئی کو نئے پاکستان کی تشکیل میں تحریک انصاف کا ساتھ دیں ، نئے پاکستان میں ملک کی تمام قومیتوں کو ان کے حقوق ملیں گے،جہاں سب سے زیادہ زور تعلیم پر دیا جائے گا، ملک میں ایک ہی تعلیمی نظام ہوگا اور بچے اپنی مادری زبان میں ہی تعلیم کی منازل طے کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی جماعت نے انتخابات میں ایماندار، باکردار اور نظریاتی لوگوں کو سامنے لانے کی کوشش کی ہے اور جو لوگ ٹھیک نہیں انہیں ہم ٹھیک کردیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں