فوج پرحملے کی منصوبہ بندی کرنے کے الزام میں 5 قیدی حراست میں لے لئے گئے

بہاولپوراوراڈیالہ جیل سے حراست میں لئےگئے قیدی فوجی افسران پر حملے اوران کے اہل خانہ کے اغوا کی منصوبہ بندی کررہے تھے۔

رپورٹ کے مطابق قیدی جیل سے میران شاہ، کوہاٹ اور پارا چنار میں دہشت گردوں کے ساتھ ٹیلی فون کے ذریعے رابطے میں تھے۔ فوٹو: فائل

خفیہ اداروں نے بہاولپور اور اڈیالہ جیل میں قید 5 قیدیوں کو فوجی دستوں پر حملے اور اعلیٰ فوجی افسران کو اغوا کرنے کی منصوبہ بندی کرنے کے الزام میں حراست میں لے کر تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے۔


برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق بانچوں قیدی گُزشتہ 3سال سے بہاولپور اور اڈیالہ کی جیلوں میں قید تھے اور ان کے میران شاہ اور کوہاٹ میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان اور اُس کی ہم خیال جماعت غازی فورس کے کارکنان کے ساتھ قریبی روابط تھے، رپورٹ کے مطابق یہ قیدی جیل سے میران شاہ، کوہاٹ اور پارا چنار میں دہشت گردوں کے ساتھ ٹیلی فون کے ذریعے رابطے میں تھے اور ان علاقوں میں فوج اور پیرا ملٹری فورسز کے قافلوں کو نشانہ بنانے اور اپنے مطالبات کی منظوری کے لیے اعلیٰ فوجی قیادت اور حساس اداروں کے افسران اوران کے اہل خانہ کو اغوا کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔

رپورٹ کے مطابق گرفتار قیدیوں میں سے 3 کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ وہ دیسی ساختہ بم اور دیگر دھماکا خیز مواد بنانے کے ماہر ہیں، حساس اداروں کے اہلکار ان قیدیوں سے اب تک ہونے والی تفتیش کی روشنی میں اُن افراد کو بھی تلاش کر رہے ہیں جن کے ساتھ ملزمان رابطے میں تھے اور انہیں فوج پر حملے کرنے سے متعلق ہدایات دے رہے تھے۔

Recommended Stories

Load Next Story