روشن خیال جماعتوں کا مقابلہ رجعت پسند جماعتوں سے ہے الطاف حسین

آج روشن خیال جماعتیں ایک جگہ جمع ہوگئیں ہیں اور دہشت گردوں کو سپورٹ کرنے والی جماعتیں دوسری جانب ہیں، الطاف حسین


ویب ڈیسک May 01, 2013
کچھ عناصر ہم پر ڈنڈا بردار شریعت نافذ کرنا چاہتے ہیں لیکن ہم انہیں ان کے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے، الطاف حسین فوٹو: فائل

ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ اب روشن خیال جماعتوں کا مقابلہ رجعت پسند جماعتوں سے ہے۔

لندن سے حیدر آباد کے پکا قلعہ گراؤنڈ میں جلسہ عام سے ٹیلی فونک خطاب کرتے ہوئے الطاف حسین نے کہا کہ آج روشن خیال جماعتیں ایک جگہ جمع ہوگئیں ہیں اور دہشت گردوں کو سپورٹ کرنے والی جماعتیں دوسری جانب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کچھ عناصر ہم پر ڈنڈا بردار شریعت نافذ کرنا چاہتے ہیں لیکن ہم انہیں ان کے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے اور ان کا ہر سطح پر قانون اور آئین کے مطابق مقابلہ کریں گے۔

الطاف حسین کا کہنا تھا کہ انتہا پسند جماعتوں کو انتخابی مہم کی اجازت دی جارہی ہے اور صرف ایک صوبے میں انتخابی مہم چل رہی ہے جبکہ دوسری جانب ایم کیو ایم، پیپلز پارٹی اور عوامی نیشنل پارٹی کے لوگوں کو مارا جارہا ہے تو آج عوام سوال کررہے ہیں کہ الیکشن کمیشن کہاں ہے اور امیدواروں کو تحفظ دینے کی ذمہ داری کس کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دھماکے کرنے والے ایم کیو ایم کو انتخابات سے دور رکھنا چاہتے ہیں لیکن وہ ایک بار پھر واضح کردینا چاہتے ہیں ایم کیو ایم انتخابات میں ہر صورت حصہ لے گی اور اپنے آئینی اور جمہوری حق سے کسی صورت دستبردار نہیں ہوگی

ایم کیو ایم کے قائد نے آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی کو یوم شہدا کی تقریب میں خطاب پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آرمی چیف کے خطاب سے واضح ہوگیا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کسی اور کی نہیں ہماری اپنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آرمی چیف کے خطاب سے قوم کو نیا حوصلہ ملا ہے، انتخابات نہ ہونے کی افواہیں دم توڑ گئیں اور ان کا خطاب پوری قوم کے جذبات کی ترجمانی کرتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کے جوان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں