نیب کی انتقامی کارروائیاں انتخابی مہم کو نقصان پہنچانے کی کوشش ہے شہباز شریف

امیدواروں کی گرفتاریوں نے شفاف انتخابات کے انعقاد پر سوالیہ نشان لگا دیا، صدر مسلم لیگ (ن)


ویب ڈیسک June 28, 2018
امیدواروں کی گرفتاریوں نے شفاف انتخابات کے انعقاد پر سوالیہ نشان لگا دیا، صدر مسلم لیگ ن فوٹو:فائل

مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے قومی احتساب بیورو (نیب) پر انتقامی کارروائیاں کرنے اور انتخابی مہم کو نقصان پہنچانے کا الزام عائد کیا ہے۔

سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے ایک بیان میں کہا کہ مسلم لیگ ن کے خلاف نیب کی انتقامی کارروائیاں انتخابی مہم کو نقصان پہنچانے کی کوشش ہے، امیدواروں کی گرفتاریوں نے شفاف انتخابات کے انعقاد پر سوالیہ نشان لگا دیا، نیب کو یہ تاثر ختم کرنا چاہیے کہ مسلم لیگ ن اس کے نشانے پر ہے۔

یہ بھی پڑھیں: حسن اور حسین نواز کو انٹرپول کے ذریعے لانے کی منظوری

شہباز شریف نے کہا کہ نیب کی کارروائیوں نے شفاف انتخابات کے انعقاد پر شکوک و شبہات پیدا کردیئے ہیں، اس حوالے سے آئین کے آرٹیکل 218 (3) کے تحت الیکشن کمیشن سے رجوع کیا ہے، تمام سیاسی جماعتوں کو آزادانہ انتخابی مہم چلانے کے یکساں مواقع کو یقینی بنایا جائے۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ مسلم لیگ ن ملک کی سب سے مقبول ترین جماعت ہے، آئین اور قانون کے تحت جب ہم عوامی عدالت میں پیش ہو چکے ہیں تو عوام کی عدالت کو اپنا فیصلہ کرنے دیا جائے، امید ہے کہ جمہوریت کی روح کے مطابق عوام کی عدالت ہی سب سے بڑی عدالت ثابت ہو گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں