ملا فضل اللہ کو ہم نے مارا جیمز میٹس نے پاکستان پر احسان جتا دیا

پاکستان کے بڑے دہشت گردوں کے خاتمے میں کلیدی کردار ہے، امریکی وزیر دفاع


News Agencies June 29, 2018
فضل اللہ آرمی پبلک اسکول پشاوراور ملالہ یوسف زئی پرحملے میں ملوث تھا، پاک آرمی نے سوات کو دہشتگردوں سے پاک کیا،صحافیوں سے گفتگو فوٹو : فائل

امریکی وزیر دفاع جیمز میٹس نے پاکستان پر احسان جتاتے ہوئے کہا ہے کہ ملا فضل اللہ کو امریکا نے مارا۔

پینٹاگان میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد کے بڑے دہشت گردوں کے خاتمے میں واشنگٹن کا کلیدی کردار رہا ہے، پاکستان سے امن مذاکرات میں مزید پیش رفت کے لیے امریکی وفد بھیجا جائے گا۔جیمزمیٹس نے نہ صرف فضل اللہ کو ڈرون حملے میں ہلاک کرنے کی تصدیق کی بلکہ یہ بھی وضاحت کی کہ امریکا کے لیے یہ عمل کتنا ضروری تھا۔

دوسری جانب واشنگٹن میں سفارتی مبصرین کا خیال ہے کہ امریکا نے پاکستان کے سب سے بڑے دہشت گرد کو ہلاک کر کے اسلام آباد پر احسان جتادیا ہے تاکہ پاکستان بدلے میں افغانستان میں امن مذاکرات کے اغاز میں امریکی کوششوں میں اپنا مثبت کردار ادا کرے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے اگلے ہفتے خصوصی ایلچی ڈپٹی اسسٹنٹ سیکریٹری ایلس جی ویلز پاکستان کے دورے پر ممکنہ طور پر افغانستان میں مستقل بنیادوں پر امن قائم کرنے کے حوالے سے تبادلہ خیال کریں گی۔

گزشتہ روز جاری اعلامیے میں امریکی وزیردفاع جیمز میٹس نے فضل اللہ کو خطرناک دہشت گرد قرار دیا جس نے سانحہ پشاور اسکول 2014ء میں قتل و غارت کا حکم دیا۔

جیمزمیٹس نے کہا کہ فضل اللہ کے آدمیوں نے اسکول میں بچوں اور اساتذہ کو جان سے مارا اور سوات میں دہشت کی لہر قائم کی، میں ایک مرتبہ سوات گیا وہ جگہ اتنی خوبصورت ہے کہ دنیا کے کسی خطے میں اس جیسا حسن نہیں ملے گا، فضل اللہ نے خطے کو جہنم میں بدل دیا تھا لیکن پھر پاکستان آرمی نے سوات کو دہشت گردوں سے پاک کیا۔ جیمز میٹس نے بتایا کہ ملالہ یوسف زئی پر حملے میں فضل اللہ ملوث تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔