
باہر والے الوداع کی نماز پڑھنے دلی آتے ہیں تو سیکڑوں روپے چاٹ جاتے ہیں۔ ایک نہاری کو ہی لے لیجیے جس کے منہ لگتی ہے پھر نہیں چھوٹتی۔ بامن کی لڑکی کھائے تو کلمہ پڑھنے کو تیار ہوجائے، خدا غریق رحمت کرے چچا کبابی کو، جامع مسجد کی سیڑھیوں کے نیچے شمالی دروازے کی جانب بیٹھتے تھے۔ ان کا کہنا یہ تھا کہ ان کے پاس وہ مسالے ہیں کہ کھڑے بجار پر لتھیڑ دیں تو گل کے گر پڑے۔ یہ تو رہی مرچیں کھانے کی بات۔ اب ذرا باتیں بنانے کا بھی ذکر ہو جائے۔ کون ہے جو ان کے سامنے زباں دانی کا دعویٰ کرے اور خجالت سے پانی نہ بھرے۔ جن بزرگوں نے کل تک شاہد احمد دہلوی، ملا واحدی، مرزا محمود بیگ، اشرف صبوحی اور خواجہ محمد شفیع کی باتیں سنی ہیں وہ آج تک ان باتوں کا مزا لیتے ہیں۔ خدا کرے ان بزرگوں کی روح نہ شرمائے، گالیاں دیتے تھے تو سننے والوں کو جھاڑی بوٹی کے بیروں کا مزا آتا تھا۔
ڈاکٹر فیلن جس کی انگریزی اردو ڈکشنری مشہور ہے۔ اس گھمنڈ میں تھے کہ انھیں اہل زبان سے کہیں زیادہ اردو آگئی ہے۔ سید احمد دہلوی فرہنگ آصفیہ والوں نے صاحب کو بتایاکہ دلی کے شرفا کا تو ذکر ہی کیا آپ چھوٹی امت جتنی بھی اردو نہیں جانتے۔ فیلن صاحب ان کی یہ بات سن کر سرخ ہوگئے۔ ایک مہترانی اپنا ٹھیکرا اٹھائے سامنے سے گزری۔ سید صاحب نے کہا، ''ذرا اسی سے بات کرلیجیے، ہاتھ گنگن کو آر سی کیا ہے۔ صاحب نے کہا تو سید صاحب نے مہترانی کو آواز دی۔ ''اے بوا ذرا یہاں آنا، صاحب تم سے بات کرنا چاہتے ہیں۔''
مہترانی نے آکر کہا، ''فرمائیے کیا بات کرنی ہے۔'' صاحب نے کہا، ''تم ہم سے کچھ پوچھو۔'' وہ سٹپٹائی کہ یہ گورا آخر چاہتا کیا ہے۔ کہیں سٹھیا تو نہیں گیا۔ سید صاحب نے کہا ،''تم ان سے کسی محاورے کے معنی پوچھو۔'' مہترانی نے کہا ''اچھا تو میں اس ٹوکرے کو لپک کر ڈلاؤ پر ڈال آؤں پھر پوچھوںگی۔'' صاحب بغلیں جھانکتے رہ جائیںگے۔'' ڈاکٹر فیلن کے کان کھڑے ہوئے کہ مہترانی ایک ہی فقرے میں دو باتیں ایسی کہہ گئی جو مجھے معلوم نہیں ہیں۔ مولوی صاحب سے پوچھا ڈلاؤ کسے کہتے ہیں اور بغلیں جھانکنا کیا ہوتا ہے۔ اتنے میں مہترانی واپس آگئی۔ بولی، ہاں صاحب بہادر بتاؤ، '' اگن کے بچے کھجوروں میں'' کا کیا مطلب ہے۔ ''صاحب واقعی بغلیں جھانکنے لگے۔ مہترانی نے کہا، ''بس ہوگئی ترکی تمام، پھٹے سے منہ۔
صاحب کا سارا علم دھرا کا دھرا رہ گیا۔ اپنا سا منہ لے کر رہ گئے۔
سید ضمیر حسن دہلوی
تبصرے
ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔