کسٹمز کی کارروائی لیاری کے گودام سے 74 لاکھ روپے کی 30 ٹن اسمگل شدہ چھالیہ برآمد

607 بوریوں میں چھالیہ کوئٹہ سے مختلف گاڑیوں کے ذریعے اسمگل کرکے کراچی لائی گئی تھی


Staff Reporter June 30, 2018
 پاکستان کسٹمز نے چھالیہ کی اسمگلنگ میں ملوث افراد کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی فوٹو: سوشل میڈیا

ISLAMABAD: پاکستان کسٹمزپریونٹیو کی اینٹی اسمگلنگ آرگنائزیشن نے انسداد اسمگلنگ مہم کے تحت جمعہ کو لیاری میں کارروائی کے دوران 74 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 30 ٹن سے زائداسمگل شدہ چھالیہ ضبط کرلی۔

30 ٹن سے زائد چھالیہ کوئٹہ سے مختلف گاڑیوں کے ذریعے اسمگل کرکے کراچی لائی گئی تھی، کراچی کے مختلف بیوپاریوں کوفروخت کرنے کی غرض سے لیاری میں واقع گودام میں ذخیرہ کی گئی تھی، ذرائع نے بتایا کہ کسٹمز کوموصول ہونے والی خفیہ اطلاع پرڈپٹی کلکٹر کسٹمزپریونٹیو(اے ایس او)محمد فیصل نے چھاپہ مار ٹیم تشکیل دی۔

جس نے جمعہ کو لیاری کے رہائشی علاقے میں چھپائی جانے والی اسمگل شدہ چھالیہ کی 607 بوریاں ضبط کرلیں تاہم گودام میں کوئی موجود نہیں تھا جس پر کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی، کسٹمزحکام نے چھالیہ کی اسمگلنگ میں ملوث افراد کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش کا دائرہ کار وسیع کردیا، کوشش کی جارہی ہے کہ کوئٹہ سے کراچی چھالیہ کی منظم انداز میں اسمگلنگ کرنیوالے گروہوں کا قلع قمع کیا جاسکے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں