ایشین اسکواش عامر اطلس نے عراقی پلیئر کو مات دیدی

پاکستان میں 8 برس بعدبڑے ایونٹ کا میلہ سجا، تقریب میں اہم شخصیات کی شرکت


Sports Reporter May 02, 2013
پاکستان میں 8 برس بعدبڑے ایونٹ کا میلہ سجا، تقریب میں اہم شخصیات کی شرکت۔ فوٹو: فائل

پاکستان میں 8 برس بعد ایشیا کے سب سے بڑے اسکواش ایونٹ کا میلہ سج گیا، ایشین چیمپئن شپ کا آغاز اسلام آباد میں اسپورٹس بورڈ کے مصحف علی میر کمپلیکس میں پُروقار انداز میں ہوا۔

افتتاحی تقریب میں جان شیر خان، قمر زمان، ایئر وائس مارشل سید رضی نواب، محبوب خان، فاروق شاہد اور سیاسی وسماجی شخصیات سمیت شائقین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ایونٹ میں پاکستان سمیت 8 ممالک کے پلیئرز شرکت کررہے ہیں۔ پہلے روز پاکستان نمبر ون عامر اطلس خان نے عراقی پلیئر ہاشم کیخلاف 11-6,11-8 اور 11-9 سے فتح پاتے ہوئے کھاتہ کھولا، فرحان زمان نے ایران کے نویدکو 11-9,12-10 اور 11-1 سے شکست دی، ناصر اقبال چین کے ونگ کو11-8,11-1 اور11-6 سے قابو کرنے میں کامیاب رہے۔

اردن کے احمد نے چین کے شوان کیخلاف کامیابی حاصل کی۔ پاکستان کے فرحان محبوب اورملائیشیا کے اونگ بینگ ہی کو بائی مل گئی، کویت کے عامر الی تمامی نے عراقی محمد فرمان حسن پر11-6,11-5 اور 11-8 سے فتح پائی۔



ہانگ کانگ کے لیو ہوئی نے عراقی حسن السطانی کو 11-7,11-4 اور11-4 سے ٹھکانے لگایا۔ کویت کے علی بدر نے سری لنکن روندوکو زیر کیا۔ پاکستانی دانش اطلس، کویتی عبداﷲ، محمد نوشیروان، نفیظوان عدنان، محمد اشرف اور علی مجتبیٰ کو بائی مل گئی۔ سری لنکا کے میکرانی نے پاکستانی سمیر انجم کو شکست دی۔ ویمنز مقابلوں میں چین کی گیو اور پاکستانی ماریہ طور کو بائی ملی، ہانگ کانگ کی لیو، پاکستانی زویا خالد، ثمنیہ شوکت ، روشنامحبوب اور چین کی جوئے بھی بغیر مقابلہ کیے ہی اگلے رائونڈ میں پہنچ گئیں۔

چین کی ایلکس نے سری لنکن ندنی کو ہرادیا۔ ہانگ کانگ کی تونگ نے ملائیشین آزان کومات دیدی، چین کی لیو نے میزبان کھلاڑی رفعت خان کو ہرایا،ایونٹ کا دوسرا رائونڈ جمعرات کوکھیلا جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں