شمالی وزیرستان میں آپریشن کیلئے امریکا کو افغان سرحد بند کرنا ہوگی پاکستان

وزیرستان میں مشترکہ آپریشن کی باتیں درست نہیں، امریکی فوج پاکستانی سرزمین پر قدم نہیں رکھے گی، رچرڈہوگلینڈ

وزیرستان میں مشترکہ آپریشن کی باتیں درست نہیں، امریکی فوج پاکستانی سرزمین پر قدم نہیں رکھے گی، دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کا کر دار قابل تعریف ہے، رچرڈہوگلینڈ۔ فوٹو فائل

NEW DEHLI:
پاکستان نے امریکا پر واضح کیا ہے کہ اسے حقانی نیٹ ورک کیخلاف پاکستانی فوج کی کارروائی کے دوران افغان سرحد کو سیل کرنا ہوگا۔ شمالی وزیرستان میں ابھی کارروائی ممکن نہیں، امریکا کو ڈرون حملے بند کردینے چاہئیں اور پاکستانی سرزمین پر کسی امریکی فوجی کو آنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

اے ایف پی کے مطابق ایک اعلیٰ پاکستانی سکیورٹی اہلکار نے بتایا ہے کہ امریکیوں کو متعدد بار کہا گیا ہے کہ شمالی وزیرستان میں جب بھی کارروائی کی گئی تو امریکیوں کو افغان سرحد کو بند کرناہوگا کیونکہ آپریشن سے بچ کر عسکریت پسند بہ آسانی افغانستان فرار ہوجائیں گے جہاں پاکستان کی عملداری نہیں لیکن امریکا نے اس تجویز کا کبھی حوصلہ افزا جواب نہیں دیا۔ پاکستان نے اس سے قبل دو مرتبہ آپریشن کا منصوبہ بنایا لیکن امریکا سرحد سیل کرنے میں ناکام رہا۔


3اگست کو وال اسٹریٹ جرنل نے رپورٹ شائع کی تھی کہ پاکستانی اور امریکی حکام حقانی نیٹ ورک اور طالبان جنگجوؤں کے خلاف مشترکہ آپریشن پر غور کررہے ہیں تاہم پاکستان نے شمالی وزیرستان میں کسی بھی مشترکہ آپریشن کی تردید کی تھی اور کہا کہ سرحد کے آر پار ہونے والے معمول کے آپریشنز کو جوائنٹ آپریشنز کا نام نہیں دینا چاہیے۔ پاکستانی سرکاری عہدیدار کا کہنا تھا کہ شمالی وزیرستان میں پاکستانی فوج کی طرف سے تازہ کارروائی کا آغاز ابھی ممکن نہیں کیوں کہ اس سے منفی اثرات مرتب ہوں گے۔

واشنگٹن میں امریکی حکام سے ملاقات میں پاکستانی انٹر سروس انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) کے سربراہ جنرل ظہیر اسلام نے دو واضح پیغام دیے ہیں کہ پاک سرزمین پر کوئی امریکی فوجی نہیں ہونا چاہیے اور پاکستان کی خود مختاری کی خلاف ورزی کرکے کیے جانے والے ڈرون حملے بند ہونے چاہئیں۔ امریکی فوجیوں کو پاکستان کی سرزمین پر قدم رکھنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، اگر کوئی کارروائی کی جاتی ہے تو وہ ہم خود کریں گے۔

آن لائن کے مطابق پاکستان میں قائم مقام امریکی سفیر رچرڈ ہوگلینڈ نے کہا ہے کہ وزیرستان میں مشترکہ آپریشن کی باتیں درست نہیں، ایک نجی ٹی وی کوانٹرویو میں انھوں نے کہا کہ امریکی فوج پاکستانی سرزمین پر قدم نہیں رکھے گی، دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کا کردار قابل تعریف ہے۔

Recommended Stories

Load Next Story