کراچی میں متحدہ کے کارکن سمیت 5افراد ہلاک جناح اسپتال میں فائرنگ

ڈیفنس میں دوگروپوں میں تصادم کے 8 زخمیوں کوجناح اسپتال لایا گیا،ایک کی ہلاکت پرمشتعل افرادکی اسپتال میں فائرنگ


Staff Reporter August 12, 2012
جناح اسپتال میں دوگروہوں میں تصادم کے بعد سیکیورٹی پر مامور گارڈز لوگوں کومنتشر کررہے ہیں۔ فوٹو ایکسپریس

کراچی کے مختلف علاقوں میں فائرنگ ودیگر واقعات میںمتحدہ قومی موومنٹ کے کارکن سمیت 5 افرادہلاک اور14زخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق ڈیفنس ویو فیز2 منی مارکیٹ کے قریب واٹر ٹینکر کا کام کرنے والے دوگروپوں کے کارندوں صمد اور اویس کے درمیان تلخ کلامی کے بعد جھگڑا ہوگیا اور دونوں نے ایک دوسرے کو لاتوں گھونسوں کے وارکرکے زخمی کردیا بعد ازاں دونوں جانب سے مسلح لوگ جمع ہوگئے اور فائرنگ کا سلسلہ شروع ہوگیا جس کے نتیجے میں اویس کا دوست محمد قدیر،اویس، صمد، فرمان اوررؤف گولیاں لگنے سے جبکہ عبدالواحد، الیاس اور عمران خان لاٹھیاں اور ڈنڈے لگنے سے زخمی ہوئے، زخمیوں کو جناح اسپتال لایا گیا جہاں محمد قدیر جاں بحق ہوگیا جس پر اس کے ساتھ آنے والے افراد مشتعل ہوگئے اور انھوں نے جناح اسپتال کے اندر فائرنگ کردی جس سے خوف و ہراس پھیل گیا۔

مریضوں اور ان کے ہمراہ آنے والے افراد میں بھگدڑ مچ گئی،اطلاع ملنے پر پولیس اور رینجرز کی نفری اسپتال پہنچ گئی اور صورتحال کو کنٹرول کرلیا پولیس کے مطابق رینجرز اہلکاروں نے جناح اسپتال سے4افراد کو گرفتارکرلیا ہے، رینجرز ترجمان کے مطابق گرفتار کیے جانے والے افراد کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے،پولیس کا کہنا ہے کہ جناح اسپتال میں صرف ہوائی فائرنگ کا واقعہ پیش آیا تھا اسپتال کے اندرفائرنگ سے کوئی شخص زخمی نہیں ہوا ہے۔

گارڈن تھانے کی حدود عثمان آبادگھاس منڈی کے قریب دو گروپوں کے درمیان مسلح تصادم کے نتیجے میں متحدہ قومی موومنٹ کاکارکن28سالہ فرید احمد جاں بحق اور25سالہ فراز زخمی ہوگیا،سہراب گوٹھ تھانے کی حدود احسن آباد وزیرگوٹھ میں جھگڑے کے دوران فائرنگ سے50سالہ محمدآچر ہلاک ہوگیا،لیاقت آباد ڈاکخانہ چورنگی کے قریب مٹھائی کی دکان پرکام کرنیوالے دو ملازمین کے درمیان جھگڑے کے دوران سرپرچوٹ لگنے سے دکان کا ملازم عبدالرزاق ہلاک ہوگیا جبکہ دوسرا ملازم فرید رند فرار ہوگیا،کھارادرکے علاقے ککری گراؤنڈ کے قریب کامل گلی میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے28 سالہ نامعلوم شخص ہلاک ہوگیا۔

پولیس کے مطابق مقتول کونامعلوم ملزمان نے اغوا کے بعد اس کے ہاتھ پشت پر باندھ کر کامل گلی میں لا کر سر پرگولی مارکرہلاک کردیا، گارڈن کے علاقے بادشاہی روڈ ہوتی مارکیٹ کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے30 سالہ وقاص،نپیئر تھانے کی حدود بھیم پورہ میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے25 سالہ منصور بلوچ زخمی ہو گیا،مضروب بلدیہ ٹاؤن نمبر9کا رہائشی ہے ، مضروب کی والدہ نے پولیس کو بتایا کہ منصور گزشتہ2 روز سے لاپتہ تھا،گلستان جوہر پہلوان گوٹھ کچی آبادی میں2 ٹیکسی کے ڈرائیوروں میں جھگڑے کے دوران فائرنگ سے گھرکے قریب کھیلنے والا8سالہ بچہ ابوبکر ٹانگ میں ایک گولی لگنے سے زخمی ہو گیا۔

ایس ایچ او شاہراہ فیصل قمبر جسکانی نے ایکسپریس کو بتایا کہ فائرنگ کرنے والے ٹیکسی ڈرائیوروں کو حراست میں لے لیا گیا ہے تاہم بچے کے زخمی ہونے کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں ملی جبکہ پی آئی بی کالونی تھانے کی حدود عیسیٰ نگری قبرستان کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے20سالہ فراز زخمی ہو گیاجبکہ آئی آئی چندریگر روڈ پر واقع نجی بینک کے سیکیورٹی گارڈ سے اتفاقیہ گولی چلنے سے خاکروب26سالہ راجو زخمی ہو گیا۔ پرانا گولیمار ریکسر لین کے قریب فائرنگ سے شاہد بلوچ زخمی ہوگیا ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |