مخالفین عوامی حکومت کیخلاف بے جا واویلا کر رہے ہیں قائم علی شاہ

سندھ بھر میں ترقیاتی کاموں کا جال بچھاکر ہزاروں نوجوانوں کو میرٹ پر ملازمتیں دیں،وزیراعلیٰ


Express Desk/Nama Nigar August 12, 2012
وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کی زیر صدارت قمبر میں منعقدہ صوبائی کابینہ کے اجلاس کا منظر (فوٹو ایکسپریس)

KARACHI: وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ حکومت نے صوبے بھر میں ترقیاتی کاموں کا جال بچھاکر ہزاروں بیروزگار نوجوانوں کو میرٹ پر ملازمتیں دیں جو جمہوریجمہوری حکومت کا اہم کارنامہ ہے جبکہ مخالفین عوامی حکومت کے خلاف بے جا واویلا کررہے ہیں،موجودہ حکومت اپنی مدت پوری کرے گی اور ہم انشاء اللہ دوبارہ عوام کی طاقت سے اقتدار میں آئیں گے،صدر آصف علی زرداری کی خواہش کے تحت صوبے کے ہر ضلع میں صوبائی کابینہ کا اجلاس بلایا جارہا ہے جس کا مقصد وہاں کے لوگوں کے بنیادی مسائل کو حل کرنا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے ہفتے کو ضلع قمبر شہداد کوٹ میں سندھ کابینہ کے اجلاس کی صدارت اور صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ، وزیراعلیٰ نے اس موقع پر ضلع قمبر کی ترقی کے لیے 300 ملین روپے کی خصوصی گرانٹ دینے کا اعلان کیا جبکہ اس کے ساتھ ساتھ قمبر کے اسپتال کی اپ گریڈیشن، سڑکوں کی تعمیر اور آبباشی کے نظام کو بہتر بنانے کا اعلان بھی کیا، وزیراعلیٰ نے قمبر کے مختلف دیہات میں سوئی گیس اور بجلی کی فراہمی کے منصوبوں کا بھی اعلان کیا، انھوں نے پانی کی قلت ختم کرنے اور آبپاشی کے نظام کی بہتری کے لیے صوبائی وزیر میر نادر مگسی کی سربراہی میں تین رکنی کمیٹی قائم کردی جو 10 دن کے اندر اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔

انھوں نے ہندوئوں کے حوالے سے کہاکہ حکومت ہندوئوں کو مکمل تحفظ فراہم کرے گی اور ہندوئوں کے ساتھ کوئی بھی ناانصافی اور زیادتی ہر گز نہیں ہونے دے گی،ہندو سندھ چھوڑ کر نہیں جارہے بلکہ مذہبی یاترا کے لیے بھارت جارہے ہیں۔ اس موقع پر کاشتکاروں کے ایک وفد نے وزیراعلیٰ سے ملاقات بھی کی ،وزیراعلیٰ نے وفد کو یقین دلایا کہ پانی کی کمی کو جلد پورا کیا جائے گا تاکہ فصلوں کی اچھی پیداوار ہو، انھوں نے کاشتکاروں کو مشورہ دیا کہ وہ دوست ملک چین کی جانب سے حال ہی متعارف کرائی گئی چاول کی لیٹ ورائٹی کاشت کریں جو ایری چاول سے اچھا اور زیادہ پیداوار دیتا ہے۔

وزیراعلیٰ نے امن وامان کے حوالے سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی جان و مال کا تحفظ حکومت کی ذمے داری ہے اور اس سلسلے میں بھرپور اقدامات کیے جارہے ہیں تاکہ عوام سکھ کا سانس لیں، اس موقع پر وزیراعلیٰ سے مختلف وفود نے ملاقات کی اور مسائل سے آگاہ کیا، وزیراعلیٰ نے تمام مسائل غور سے سنے اور انھیں حل کرنے کی یقین دہانی کرائی، اس موقع پر میر نادر علی مگسی نے کہا کہ ضلع قمبر میں پانی کی کمی پوری کی جائے اور وارہ شہر میں اسپتال کی عمارت تعمیر کرائی جائے، پولیس کو اسلحہ اور گاڑیاں فراہم کی جائیں جبکہ واٹر فورس بھی قائم کی جائے، سیلاب سے متاثرہ سڑکوں اور پشتوں کی مرمت کرائی جائے۔ اس موقع پر صوبائی وزرا آغا سراج درانی، ایاز سومرو، توقیر فاطمہ بھٹو، جام سیف اللہ دھاریجو ودیگر موجود تھے۔بعدازاں وزیراعلیٰ نے ڈی سی آفس قمبر میں مسجد کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں