چیمپئنز ٹرافی ہاکی ٹیم کی خراب پرفارمنس مہنگی پڑگئی

حکومت نے فیڈریشن سے جواب طلب اور 20 کروڑ کی خصوصی گرانٹ روک لی

حکومت نے فیڈریشن سے جواب طلب اور 20 کروڑ کی خصوصی گرانٹ روک لی۔ فوٹو : چیمپئنز ٹرافی ہاکی

چیمپئنز ٹرافی کے دوران قومی ہاکی ٹیم کی مایوس کن کارکردگی مہنگی پڑگئی، نگران حکومت نے ہاکی چیمپئنز ٹرافی میں قومی ٹیم کی خراب کارکردگی کا نوٹس لیتے ہوئے فیڈریشن کی 20 کروڑ روپے کی خصوصی گرانٹ روک لی۔

بریڈا میں جاری چیمپئنز ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ میں را ؤنڈ لیگ کے آخری میچ میں بیلجیئم سے شکست کے بعد پاکستانی ٹیم میڈل کی دوڑ سے باہر ہوگئی ہے۔ گرین شرٹس کے پے درپے شکستوں کے بعد سابق اولیمپئنز سراپا احتجاج ہیں اور انھوں نے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

قومی ٹیم کی چیمپئنز ٹرافی میں ناکامیوں کی بازگشت اب حکومتی ایوانوں میں بھی سنائی دینے لگی ہے اورنگراں حکومت نے ہاکی ٹیم کی اس خراب اور مایوس کن کارکردگی کانوٹس لیتے ہوئے نہ صرف پی ایچ ایف حکام سے جواب طلب کیا ہے بلکہ 20 کروڑ روپے کی خصوصی گرانٹ بھی روک لی ہے جس کی منظوری سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے دی تھی۔


یہ بات قابل ذکر ہے کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر بریگیڈیئر (ر) خالد سجاد کھوکھر سابق وفاقی وزیرداخلہ احسن اقبال کے قریبی رشتے دار ہیں، حکومتی بااثر وفاقی وزیر کی قریبی قربت کی وجہ سے فیڈریشن کوکروڑوں روپے کے فنڈز ملے لیکن یہ خطیر سرمایہ بھی قومی کھیل کا قبلہ درست نہ کر سکا۔

دوسری جانب اسپورٹس بورڈ نے ٹیم کی ناقص کارکردگی پر پاکستان ہاکی فیڈریشن سے جواب طلب کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔

خیال رہے کہ ہاکی چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان کو بھارت سمیت ہالینڈ، بیلجیئم اور آسٹریلیا سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

 
Load Next Story