چیمپئنز ٹرافی پاکستان پانچویں پوزیشن کیلیے بیلجیئم سے نبرد آزما

ٹائٹل مقابلے کیلیے بھارت اور آسٹریلیا آمنے سامنے، میزبان ہالینڈ اور ارجنٹائن وکٹری اسٹینڈ پر جگہ پانے کیلیے کوشاں


Sports Reporter July 01, 2018
ٹائٹل مقابلے کیلیے بھارت اور آسٹریلیا آمنے سامنے، میزبان ہالینڈ اور ارجنٹائن وکٹری اسٹینڈ پر جگہ پانے کیلیے کوشاں۔فوٹو: فائل

ایف آئی ایچ چیمپئنز ٹرافی میں پاکستانی ہاکی ٹیم اتوار کو پانچویں اور چھٹی پوزیشن کے میچ کے لیے بیلجیئم کے خلاف میدان میں اترے گی۔

ہالینڈ کے شہر بریڈا میں جاری ایف آئی ایچ چیمپئنز ٹرافی اختتامی مراحل میں داخل ہوگئی ہے، میگا ایونٹ کے فائنل سمیت پوزیشن میچز اتوار کوکھیلے جائیں گے۔ پانچویں اور چھٹی پوزیشن کے میچ کے لیے پاکستانی ٹیم اتوار کو بیلجئیم کے خلاف میدان میں اترے گی۔

یاد رہے کہ پاکستانی ٹیم نے چیمپئنز ٹرافی کے دوران5 میچز میں حصہ لیا، 4 میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا جبکہ صرف ایک میچ میں کامیابی حاصل کی۔ اس مایوس کن کارکردگی کے ساتھ گرین شرٹس صرف 3 پوائنٹس کے ساتھ آخری نمبر پر ہیں، پاکستانی ٹیم کو پہلے میچ میں بھارت کے ہاتھوں 4-0سے شکست کا سامنا رہا، دوسرے میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو ایک کے مقابلے میں 2 گول سے زیر کیا، تیسرے میچ میں بھی گرین شرٹس کو ہالینڈ کے ہاتھوں 4-0 سے ہزیمت کا سامنا کرنا پڑا تاہم عالمی نمبر 2 ارجنٹائن کے خلاف رضوان سینئر الیون 3-1 سے میچ کا نتیجہ اپنے نام کرنے میں کامیاب رہی۔

لیگ کے آخری میچ میں بیلجیئم نے پاکستان کو 2 کے مقابلے میں 4گول سے ہرایا۔ بیلجیئم کی ٹیم نے بھی5 میچوں میں حصہ لے کر ایک میں کامیابی حاصل کی، ایک میں ناکامی کا سامنا رہا جبکہ 3 مقابلے برابری کی سطح پر ختم ہوئے۔ بیلجیئم کے مقابلے آسٹریلیا، ارجنٹائن اور بھارت سے برابر رہے جبکہ ہالینڈ نے ایک کے مقابلے میں 6 گول سے شکست دی۔

چیمپئنز ٹرافی کے فائنل مقابلے میں بھارت اور آسٹریلیا کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی جبکہ تیسری اور چوتھی پوزیشن کے میچ کے لیے ہالینڈ اور ارجنٹائن کے درمیان مقابلہ ہوگا۔ ادھر گزشتہ روز ارجنٹائن نے آسٹریلیا کو 2 کے مقابلے میں 3 گول سے شکست دی۔

فاتح ٹیم کی طرف سے پیلیٹ نے ہیٹ مکمل کی جبکہ آسٹریلیا کی طرف سے دونوں بار ٹم برانڈ نے گیند کو جال کے اندر پھینکا۔ بعد ازاں ایک اور میچ میں بھارت اور ہالینڈ کے ٹیموں کے درمیان مقابلہ برابر رہا، دونوں ٹیمیں مقررہ وقت میں ایک، ایک گول ہی کرسکیں۔ میچ کے ابتدائی 3 کوارٹرز میں بلوشرٹس کھیل پر چھائے رہے تاہم ہالینڈ نے اختتامی لمحات میں گول کرکے میچ کو برابرکردیا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں