شہر میں انسداد پولیو مہم کل سے شروع کی جائے گی

6روزہ مہم کے دوران 5سال تک کے 19لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے،کمشنرمحمد صالح فاروقی

6روزہ مہم کے دوران 5سال تک کے 19لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے،کمشنرمحمد صالح فاروقی۔ فوٹو: فائل

شہر میں انسداد پولیو مہم کل سے شروع کی جائے گی۔

کراچی پولیو ٹا سک فورس کے چیئرمین کمشنر کراچی محمد صالح فاروقی نے کہا ہے کہ انسداد پولیو قومی مقصد ہے،اس سے ملک کا وقار اور قوم کے بچوں کا مستقبل وابستہ ہے،اس وقت پوری دنیا کی نظر یں پاکستان پر لگی ہوئی ہیں۔

پاکستان کو پولیو سے پاک ملک بنانے کے لیے ہر ایک کو اپنا کر دار اد ا کرنا ہوگا، وہ اپنے دفتر میں انسداد پولیو کے جائزہ اجلاس کی صدارت کررہے تھے، اجلاس میں 2 جولائی پیرسے 6روزہ انسداد پولیو مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیاگیا جس کے دوران 5 سال تک کے 19لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے ،مہم کے دوران 7 ہزار سے زائد پولیو ٹیمیں کام کریں گی جبکہ 174 یونین کونسلوں میں مہم پر عملدرآمد کیا جائے گا۔

اجلاس نے فیصلہ کیا کہ انسداد پولیو مہم میں سی پی ایل سی کو شامل کیا جائے گا ان کے تعاون سے کمیونٹی کے ساتھ رابطہ مضبو ط بنانے اور سیکیورٹی اقدامات کو موثر بنانے میں مدد ملے گی۔


محمدصالح فاروقی نے نے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ اپنا کر دارموثر بنائیں مربوط اقدامات کریں کمیونٹی سے رابطہ بڑھائیں مہم کے دوران ہر روز مہم کا جائزہ لیں تمام اسٹیک ہولڈرز سے رابطہ و تعاون بڑھائیں اور کمیونٹی کا بھر پو ر تعاون حا صل کر نے کے لیے اقدامات کریں۔

مہم کے دوران خود اپنے علاقوں کا دورہ کریں کمیونٹی کے لوگوں سے ملیں جو بچے پولیو کے قطرے پینے سے رہ گئے ہیں ان کے والدین سے ملیں اور پولیو قطرے کی اہمیت کی آگاہ کریں اور یقینی بنائیں کہ کوئی 5سال یا اس سے کم عمر کا بچہ پولیو سے بچاؤکے قطرے پینے سے محروم نہ رہ جائے۔

اجلاس میں ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے کو آرڈینٹر فیاض جتوئی، تمام ڈپٹی کمشنرز، ایڈیشنل کمشنر محمد علی شاہ، کوآرڈینٹر کمشنر کراچی پولیو ٹاسک فورس ڈاکٹر نصرت علی، ڈائریکٹر میڈیا مینجمنٹ کمشنر کراچی محمد شبیہ صدیقی، تمام ڈسٹرکٹ و ٹاؤن ہیلتھ افسران محکمہ صحت ، پولیس و رینجرز کے افسران ، عالمی ادار ہ صحت ،یونیسف بل گیٹس اینڈ ملنڈا فاؤنڈیشن اور روٹری کلب کے نمائندے اور دیگر نے شر کت کی۔

اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیاکہ نگرانی کے عمل کو موثر بنایا جائے گا اور معلومات کا ہر روز تبادلہ کیا جائے گا، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ شہر میں داخلے اورنکلنے کے راستوں پر 5سال سے کم عمر بچوں کوپولیوسے بچاؤ کے قطرے پلانے کی یقینی بنایا جا ئے گا۔

 
Load Next Story