آباد سستا گھر اسکیم 1 ارب روپے کے فنڈ کا اعلان

فنڈ کے لیے ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز کے ممبران اور عارف حبیب گروپ رقم فراہم کریںگے،چیئرمین آباد جیوا


Business Reporter July 01, 2018
بینک بھی فنانسنگ کرسکتے ہیں،عارف حبیب،گھروںکومتبادل توانائی بھی دی جائے، ضیغم رضوی۔ فوٹو: سوشل میڈیا

ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز (آباد) نے مجوزہ ایفورڈایبل ہاؤسنگ اسکیم کے لیے ایک ارب روپے کے بنیادی فنڈکے قیام کا اعلان کردیا ہے جس میں آباد کے ممبران اور عارف حبیب گروپ اپنے اپنے حصے کی رقم ادا کریں گے۔

آباد کے چیئرمین عارف یوسف جیوا نے یہ اعلان ہفتہ کو آباد کی ایفورڈ ایبل ہاؤسنگ اسکیم کے لیے ہاؤسنگ کنسلٹنٹ، افورڈ ایبل ہاؤسنگ اینڈ انر جی پاورٹی کے چیئرمین ضیغم رضوی کے تعاون سے ویب سائٹ کے افتتاح کے موقع پر کیا۔

عارف جیوا نے کہا کہ آبادکا عزم ہے کہ پاکستان میں ہر شہری کا اپنا گھر ہو جس کے تحت آباد نے اسلام آباد اور کراچی میں آباد ایفورڈ ایبل ہاؤسنگ اسکیم کا اعلان کیا ہے جو فلاحی اسکیم ہے، آباد نے ملک بھر میں بغیر کسی مالی معاونت کے سستے گھر 19 لاکھ روپے میں بنانے کی تجویز دی تھی، اب تک سیاسی جماعتوں نے روٹی کپڑا مکان کے نعرے تو لگائے لیکن کم آمدنی والے طبقے کو گھر مہیا نہیں کیا، نواز شریف نے بھی اپنے منشور میں کم آمدنی کے حامل طبقے کے لیے 5 لاکھ گھربنانے کا وعدہ کیا لیکن انھوں نے آباد کے مکمل تعاون فراہم کرنے کے باوجود اس وعدے کو پورا نہیں کیا، پی ٹی آئی نے بھی اپنے منشور میں 1لاکھ گھر بنانے کے منصوبے کا اعلان کیا ہے لیکن معلوم نہیں کہ اس پر عمل ہوتا ہے یا نہیں، انتخابات میں نئے لوگ منتخب ہوکر آئیں گے اور اپنے آپ کو مضبوط کرکے چلے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں حکومتیں اپنے اپنے شہریوں گھر فراہم کرتی ہیں جس کے لیے کم آمدنی والے طبقے کوکم سود سے طویل مدتی قرضے فراہم کرتی ہیں لیکن افسوس پاکستان میں اس کے برعکس ہو رہا ہے، آباد نے ایفورڈ ایبل ہاؤسنگ اسکیم کے لیے ون ونڈو سہولت کے ذریعے زمین، پانی، گیس، بجلی فراہم کرنے کا مطالبہ کیا تھا جس پرن لیگ کی حکومت نے کوئی توجہ ہی نہیں دی۔

اس موقع پرعارف حبیب گروپ کے چیئرمین عارف حبیب نے کہا کہ پاکستان میں غریب آدمی کے لیے اپنا گھر بنانا ناممکن ہوگیا ہے، ملک میں کم لاگت گھروں کے منصوبے کی اشد ضرورت ہے۔ انھوں نے آباد کی مجوزہ ایفورڈ ایبل ہاؤسنگ اسکیم کے لیے ایکوٹی اور دیگر تعاون فراہم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے آباد رہنماؤں کو سستے مکانات کے لیے اقساط کی مدت کم از کم 10 سال رکھنے کی تجویز دی ہے۔انھوں نے کہا کہ آباد ایفورڈ ایبل ہاؤسنگ کا فنڈ قائم اور اراضی کی نشاندہی کرے تو بینک اس منصوبے میں فنانسنگ کریں گے، غریب آدمی کو کرائے کے بجائے اپنا گھر ملے تو اس سے بڑی کوئی بات نہیں۔

عارف حبیب نے کہا کہ اگر حکومت تعمیراتی شعبے پر فوکس کرے تو اس سے ملک میں اربوں روپے کی سرمایہ کاری ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ آبادکی ایفورڈ ایبل ہاؤسنگ اسکیم بینکنگ انڈسٹری کے لیے انتہائی پرکشش ثابت ہو سکتی ہے۔ انہوں نے آباد کو تجویزدی کہ وہ ایفورڈایبل ہاؤسنگ کے لیے ازخود آگے بڑھے اور اس مجوزہ منصوبے کے لیے علیحدہ فنڈ قائم کرکے سستے گھروں کا ایک مثالی منصوبہ ترتیب دے۔ انہوں نے بلڈرزاور ڈیولپرزپرزور دیاکہ وہ اپنے کاروباری نمو کے لیے ایمنسٹی اسکیم سے استفادہ کریں۔

ایچ بی ایف سی کے سابق سربراہ اورماہرتعمیرات ضیغم رضوی نے کہا کہ پاکستان میں کم لاگت گھروں کے لیے آج تک حکومتی سطح پر کوئی کام نہیں کیا گیا، آبادی 24 ملین پہنچنے کے ساتھ کراچی دنیا میں تیز رفتاری سے آبادی بڑھنے کا حامل شہر بن گیا ہے، آبادی کے لحاظ سے کراچی دنیا کا چھٹا سر فہرست شہر بن گیا ہے، پاکستان میں 1کروڑ گھروں کی کمی ہے لیکن حکومت خواب خرگوش کے مزے لے رہی ہے، آباد کی ایفورڈ ایبل ہاؤسنگ اسکیم فلاحی منصوبہ ہے، آباد کم لاگت گھروں کے لیے توانائی کے متبادل ذرائع بھی متعارف کرے۔

ضیغم رضوی نے بتایا کہ بھارت میں ہاؤسنگ قرضے فراہم کرنے کے 85 ادارے ہیں جبکہ پاکستان میں صرف 1ہے، ایچ بی ایف سی کا متوازی بھارتی ادارہ یومیہ 1ہزار ہاؤسنگ لونز جاری کرتا ہے جبکہ پاکستان میں ایچ بی ایف سی نے گزشتہ سال یومیہ صرف ڈھائی افرادکو ہاؤسنگ لونز دیا ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں