فوج اور عدلیہ الیکشن کرادیں سکون ہوجائے گا شیخ رشید

کردار ادا نہ کیا تو کوئی الیکشن کے نتائج کو تسلیم نہیں کرے گا،...


Monitoring Desk August 12, 2012
کردار ادا نہ کیا تو کوئی الیکشن کے نتائج کو تسلیم نہیں کرے گا، پروگرام ٹودی پوائنٹ میں گفتگو۔ فوٹو ایکسپریس

NEW DEHLI: عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ فوج اور عدلیہ مل کر منصفانہ الیکشن کرادیں، ملک میں سکون ہوجائے گا۔ الیکشن میں عدلیہ اور فوج نے اپنا کردار ادا نہ کیا تو کوئی بھی نتائج کو تسلیم نہیں کریگا۔ وفاق اور پنجاب کی حکومت ٹوٹنے کی دیر ہے، پاکستان کی سیاست کا نقشہ تبدیل ہوجائے گا۔

میاں نواز شریف سے مل کر جیت جانے سے بہتر ہے کہ میں الیکشن ہار جائوں۔ میں تحریک انصاف میں شامل نہیں ہورہا وہ الگ پارٹی ہے، میری اپنی پارٹی ہے۔ سیاست کا سیدھا ٹارگٹ کلر ہوں میرا 13 اگست کا جلسہ بہت اہم ہے۔ پاک فوج ملک کا بڑا اثاثہ ہے۔ان خیالات کا اظہار شیخ رشید نے ایکسپریس نیوز کے پروگرام ٹودی پوائنٹ میں اینکر پرسن شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ گفتگو میں کیا۔ شیخ رشید نے کہاکہ میں کئی مرتبہ کہہ چکا ہوں کہ اگلی پارلیمنٹ ایک ہنگ پارلیمنٹ ہوگی اور پنجاب میں اس مرتبہ کسی ایک کی سیاست ختم ہوجائے گی۔

ملک اس وقت دوسرے وزیراعظم کے جانے کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ چیف جسٹس کو چاہیے کہ وہ فیصلہ لیں اور ''گند'' کو نکال دیں۔ انھوں نے کہاکہ میں زیادہ محنت کرنے والاسیاستدان نہیں ہوں۔ عمران خان نے پچھلے کئی سالوں سے سخت محنت کی وہ وزیرستان جارہے ہیں لیکن میں اسلام آباد جانا چاہتا ہوں اور یہ بھی سچ ہے کہ ان کی پارٹی نیشنل پارٹی اسی سال میں بنی ہے اور عوام نے ان کو پذیرائی بخشی ہے۔

انھوں نے کہا کہ میری وزیراعظم بننے کی کوئی خواہش نہیں ہے، میں وزیراعظم بنوانے والوں میں سے ہوں ۔ میں سیاستدانوں سے کہتا ہوں کہ وہ آصف زرداری سے سیاست سیکھیں، انھوں نے میاں نواز شریف کو کھانوں میں لگائے رکھا اور جب چاہا اپنی مرضی کرلی۔ انھوں نے کہاکہ ایم کیو ایم سے میرے ذاتی تعلقات ہیں میں انھیں مشورہ دیتا ہوں کہ وہ حکومت سے نکل آئیں وہ حکومت سے باہر ہوکر بھی سیٹیں جیت سکتے ہیں۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |