امن و امان کے بغیرغیر جانبدارانہ انتخابات ممکن نہیںچیف الیکشن کمشنر

حکومت امن و امان قائم کرے ہم شفاف انتخابات کا انعقاد ممکن بنائیں گے، جسٹس ریٹائرڈ فخر الدین جی ابراہیم

الیکشن کمیشن کے اجلاس میں امن و امان کی صورتحال، انتخابی امور اور ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں کا بھی جائزہ لیا جارہا ہے۔ فوٹو :فائل

چیف الیکشن کمشنر جسٹس ریٹائرڈ فخر الدین جی ابراہیم نے کہا ہے کہ ملک میں امن و امان کا قیام حکومت کی ذمہ داری ہے ہمارا فرض شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات کرانا ہے جس کے لئے الیکشن کمیشن تیار ہے۔

چیف الیکشن کمشنر فخر الدین ابراہیم کی زیر صدارت اسلام آباد میں الیکشن کمیشن کا اجلاس ہوا جس میں امن و امان کی مجموعی صورتحال، بیلٹ پیپر کی چھپائی اور ترسیل سے متعلق امور اور انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کی سہولت دینے سے متعلق امور پر بھی غور کیا گیا۔


اجلاس کے آغاز میں چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ ملک میں غیر جانبدارانہ انتخابات کی ذمہ داری الیکشن کمیشن کی ہے جبکہ امن و امان کا قیام حکومت کے فرائض میں شامل ہے، الیکشن کمیشن نے اپنی تیاری مکمل کرلی ہے لیکن امن و امان کے بغیر صاف، شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات منعقد نہیں کرائے جاسکتے۔ سپریم کورٹ نے بھی حکومت کو امن وامان کی صورتحال بہتر بنانے کی ہدایت کی ہے ، حکومت امن قائم کرے ہم شفاف انتخابات کا انعقاد ممکن بنائیں گے۔

اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے سیکریٹری الیکشن کمیشن اشتیاق احمد نے کہا کہ ملک بھر میں پولنگ اسکیم فائنل کر دی گئی ہے،اس سے متعلق شکایات جمعے تک حل کر لی جائیں گی۔ الیکشن کمیشن نے کوشش کی ہے کہ سپریم کورٹ کے احکامات کے مطابق پولنگ اسٹیشن بنائے جائیں،انہوں نے کہا کہ امن و امان سےمتعلق وسیع لائحہ عمل کی ضرورت ہے اس سلسلے میں حکومت سے استدعا ہے کہ الیکشن کےلیے مناسب انتظامات کئے جائیں۔

سیکریٹری الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ الیکشن کے دن موبائل بند نہیں ہوں گے، 6 مئی سے 8300 پر ووٹرز اپنے شناختی کارڈ نمبر ایس ایم ایس کرکے اپنے پولنگ اسٹیشن یا دوسری معلومات حاصل کرسکتے ہیں ۔اوورسیزپاکستانیوں کےووٹ معاملےپرسپریم کورٹ کے تحریری حکم کے منتظر ہیں۔

Recommended Stories

Load Next Story