روس نے اسپین کو شکست دے کر کوارٹر فائنل میں قدم رکھ دیا

ایونٹ سے جرمنی، ارجنٹائن اور پرتگال کے بعد گولڈن ٹرافی کی چوتھی مضبوط ٹیم اسپین بھی رخصت ہوگئی


Sports Desk July 01, 2018
ایونٹ سے جرمنی، ارجنٹائن اور پرتگال کے بعد گولڈن ٹرافی کی چوتھی مضبوط ٹیم اسپین بھی رخصت ہوگئی . فوٹو : رائیٹرز

فیفا فٹبال ورلڈ کپ میں روس نے اسپین کو شکست دے کر کوارٹر فائنل میں قدم رکھ دیا۔

ورلڈ کپ کی فیورٹ ٹیموں میں شامل اسپین نے روس کے خلاف میچ کا آغاز جارحانہ انداز میں کیا اور 30 منٹ تک مکمل طور پر اسپینش کھلاڑی چھائے رہے، اس دوران ان کی جانب سے روس پر مسلسل دباؤ بڑھانے کا سلسلہ جاری رکھا، جس کا نتیجہ یہ نکلا کہ 12 ویں منٹ میں روس کے سینئر سینٹر بیک سرگئی اگناشیویچ نے خود ہی گیند اپنے جال میں ڈال کر اسپین کو پہلے گول کا تحفہ دے دیا۔

میزبان ٹیم کو نم آلود کنڈیشنز میں ہاف وے لائن سے آگے بڑھنے میں ہی انتہائی دشواری کا سامنا کرنا پڑرہا تھا، آخر کار الیگزینڈر گولوون کو پہلا چانس ملا مگر ان کی شاٹ گول کیپر ڈیوڈ ڈی گیا کے بائیں جانب چلی گئی۔ ہاف ٹائم سے قبل روس کو کم بیک کا اس وقت موقع میسر آیا جب گول پوسٹ کے قریب گیرارڈ پائیک کا ہاتھ گیند کے سامنے آنے کی وجہ سے میزبان ٹیم کو پنالٹی ملی جس پر آرتٹیم ڈزیوبا نے گیند کو جال کی راہ دکھا کر مقابلہ برابر کردیا۔

ہاف ٹائم کے بعد بھی اسینش ٹیم کا توقع کے عین مطابق گیم پر مکمل کنٹرول رہا، اس دوران اس کی جانب سے کچھ حقیقی مواقع بھی پیدا کیے گئے تاہم روسی گول پوسٹ میں موجود آئیگور اکنفیف ایک چٹان کی طرح ڈٹے رہے، وہ روس کے کپتان بھی ہیں۔ مقررہ وقت میں مقابلہ 1-1 سے برابر رہنے پر اضافی وقت دیا گیا مگر اس دوران بھی کوئی ٹیم ڈیڈ لاک ختم نہیں کرپائی، جس پر آخر کار فاتح ٹیم کے تعین کے لیے پنالٹی شوٹ آؤٹ شروع ہوا۔

دونوں جانب سے ابتدائی دو شوٹس برابر رہے تاہم اسپین کے تیسرے پنالٹی شوٹ پر اکنفیف نے کوک کی شاٹ کو روک کر ہوم کراؤڈ کو خوشی سے اچھلنے پر مجبور کردیا، چوتھی اسپینش شوٹ بھی نشانے پر رہی اب آخری پنالٹی شوٹ تھی جس پر اسپین کو نہ صرف گول کرنا تھا بلکہ اس کے گول کیپر کو میزبان ٹیم کا آخری حملہ ناکام بنانا تھا جس سے مقابلہ بریک تھرو کیلیے سڈن ڈیتھ پر جاتا مگر اکنفیف نے مقابلے کو مزید لٹکانے کے بجائے آئیاگو ایسپاس کی کک پر آنے والی سیدھی گیند کو گول پوسٹ کے اوپر سے اچھال کر اپنی ٹیم کی کامیابی پر مہر ثبت کردی۔

اس طرح روس کوارٹر فائنل میں پہنچ گیا جبکہ جرمنی، ارجنٹائن اور پرتگال کے بعد ایک اور ٹائٹل فیورٹ ٹیم اسپین بھی ایونٹ سے باہر ہوگئی۔ سوویت یونین کے ٹوٹنے کے بعد پہلی بار روس کی ٹیم کسی ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل میں پہنچی ہے۔ اسپین کی ٹیم کو ورلڈ کپ میں اپنے چوتھے پنالٹی شوٹ آؤٹس میں تیسری مرتبہ ناکامی کا سامناکرنا پڑا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ورلڈ کپ ٹورنامنٹس میں آخری 5 شوٹ آؤٹس میں میزبان ممالک کو ہی فتح حاصل ہوئی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں