کراچی ایم کیو ایم کے دفتر کے قریب دھماکا 8 افراد زخمی

دھماکا ٹائم ڈیوائس کے ذریعے کیا گیا جس میں 2 سے 3 کلو بارودی مواد استعمال کیا گیا تھا، ڈی ایس پی پریڈی ضمیر عباسی


ویب ڈیسک May 02, 2013
دھماکا باب العلم مسجد کے وضو خانے کے باہر ہوا، ڈی آئی جی ساؤتھ فوٹو: ایکسپریس نیوز

برنس روڈ پر ایم کیو ایم کے انتخابی دفتر کے قریب مسجد باب الاسلام کے وضو خانے کے باہر ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں 8 افراد زخمی ہوگئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق دھماکا انتہائی زور دار تھا جس کی آواز دور دراز علاقوں تک سنائی دی، علاقے میں شدید خوف وہراس پھیل گیا اور کاروبار بند ہوگیا۔ دھماکے کے بعد پولیس اور رینجرز نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنا شروع کردیئے ہیں جبکہ زخمیوں کو سول اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔

ڈی آئی جی ساؤتھ امیر شیخ کے مطابق دھماکا مسجد باب الاسلام کے وضو خانے کے باہر ہوا جس سے مسجد کے وضو خانے اور انتخابی دفتر کی دیوار کو نقصان پہنچا جبکہ ڈی ایس پی پریڈی ضمیر عباسی کا کہنا ہے کہ دھماکا ٹائم ڈیوائس کے ذریعے کیا گیا جس میں 2 سے 3 کلو بارودی مواد استعمال کیا گیا تھا تاہم دھماکے میں بال بیئرنگ استعمال کیے جانے کے کوئی شواہد نہیں ملے ہیں۔

ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دھماکوں سے ہمارے حوصلے پست نہیں ہوسکتے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کا گولہ بارود ختم ہوسکتا ہے لیکن ہمارا جذبہ اور حوصلہ کم نہیں ہوسکتا، ہم حوصلے اور ہمت سے تمام آزمائشوں کا مقابلہ کریں گے۔

واضح رہے کہ یہ ایم کیو ایم کے انتخابی دفتر پر چوتھا دھماکا ہے۔ اس سے قبل بھی پیپلز چورنگی، نصرت بھٹو کالونی اور قصبہ کالونی میں ایم کیو ایم کے انتخابی دفتروں کو نشانہ بنایا گیا تھا جس میں متعدد افراد جاں بحق اور زخمی ہوئے تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں