چند گھریلو ترکیبیں اور بیوٹی پارلر سے نجات

آج کل یہ سمجھا جاتا ہے کہ خوب صورتی صرف بیوٹی پارلرز جا کر ہی مل سکتی ہے۔

آج کل یہ سمجھا جاتا ہے کہ خوب صورتی صرف بیوٹی پارلرز جا کر ہی مل سکتی ہے۔ فوٹو: سوشل میڈیا

خوب صورت اور پر کشش نظر آنا ہر خاتون اور ہر بچی کی زبردست خواہش ہوتی ہے۔

آج کل یہ سمجھا جاتا ہے کہ خوب صورتی صرف بیوٹی پارلرز جا کر ہی مل سکتی ہے، اسی لیے تو آج کل کی بڑی عمر کی خواتین، نوجوان لڑکیوں اور بچیوں سبھی کو بیوٹی پارلر جانے کا جنون ہوتا ہے اور ایسے میں وہ خواتین جن کی مالی حیثیت ایسی نہیں ہوتی کہ وہ بیوٹی پارلر جاکر اس سے فیض یاب ہوسکیں۔ وہ بے چاریاں مایوسی کے عالم میں اپنا دل مسوس کر رہ جاتی ہیں، کیوں کہ وہ چاہتے ہوئے بھی بیوٹی پارلر نہیں جاسکتیں اور نہ ہی ان کے پاس اتنا بجٹ ہوتا ہے کہ وہ یہ منہگا شوق اپنا سکیں۔ حالاں کہ یہ خواتین یہ نہیں سوچتیں کہ دنیا میں ہمارے ارد گرد بہت سی ایسی چیزیں ہوتی ہیں کہ یہ خواتین بیوٹی پارلر جائے بغیر بھی اپنی خوب صورتی میں اضافہ کرسکتی ہیں۔ کچھ چیزیں ایسی ہیں جن کے ایک طریقے سے استعمال کرنے سے خواتین بیوٹی پارلرز سے چھٹکارا پا سکتی ہیں۔

٭کیل مہاسوں کا علاج:

کیل مہاسوں سے بچنے اور چہرے کی شفاف جلد کے لیے چھلے ہوئے آلوؤں کا رس ایک چائے کا چمچہ لیموں کے رس شامل کرلیں اور اس پیسٹ سے چہرے کا مساج کریں۔ یہ عمل روزانہ کریں اور لگانے کے ایک گھنٹہ بعد ٹھنڈے پانی سے دھو لیں۔ اس عمل سے نہ صرف چہرے کی جلد فریش اور تروتازہ ہو جائے گی، بلکہ چہرے پر ہر روز پڑنے والی گرد کو بھی مساموں میں جمع ہونے کا موقع نہیں ملے گا۔ کیل مہاسے انہی مساموں کے بند ہونے کے بعد پیدا ہوتے ہیں اور اچھے خاصے چہرے کو خراب کردیتے ہیں۔ اس کے علاوہ کیل مہاسوں کے خاتمے کے لیے نیم کے پتے لے کر کچل لیں اور ملتانی مٹی بھگوکر اس میں شامل کردیں، ان دونوں کو اچھی طرح ملا کر اس کا پیسٹ بنا لیں اور روزانہ اس سے چہرے پر لیپ کریں۔ اس پیسٹ کو چہرے پر لگانے کے پندرہ منٹ بعد چہرہ ٹھنڈے پانی سے دھو لیں۔ چند دن کے مسلسل استعمال سے کیل مہاسے ختم ہو جائیں گے۔

٭آنکھوں کی تھکن:

اگر آنکھوں میں مسلسل تھکن محسوس ہو تو آنکھیں موند کر پپوٹوں کو کچھ دیر تک برف کی ٹکڑیوں سے ٹکور کریں اور ذہن کو پرسکون رکھیں۔ تقریباً آدھے کھنٹے بعد آنکھوں کی تھکن ختم ہوجائے گی۔

٭کٹے پھٹے ہونٹ:

اگر ہونٹ کٹے پھٹے یا خشک ہوں تو ان کی قدرتی نمی بحال کرنے کے لیے ناریل کا تیل دو چمچے، تھوڑا سا لیموں کا رس، یہی کوئی تین قطرے لیمن آئل اور ایک چائے کا چمچہ Beeswax، ان سب کو لے کر ہلکا سا گرم کر لیں۔ جب یہ سب اچھی طرح مکس ہوجائیں تو اس پیسٹ کو محفوظ کرکے رکھ لیں اور اس سے ہونٹوں پر مساج کریں۔ اس سے ہونٹ نہ صرف خوب صورت ہو جائیں گے، بلکہ ان کی قدرتی نمی بھی واپس لوٹ آئے گی۔

٭چہرے اور بازوؤں کی جلد:


چہرے اور بازوؤںکی جلد نکھارنے کے لیے ناریل کا تیل، ٹماٹر کا رس اور پسی ہوئی ہلدی لگ بھگ ہم وزن لے کر تینوں کا پیسٹ بنالیں۔ اس کے بعد روزانہ سونے سے پہلے اس پیسٹ سے چہرے اور بازوؤں کا اچھی طرح مساج کریں اور تقریباً آدھے یا پون گھنٹے کے بعد اسے نارمل پانی سے دھو لیں۔ صرف چند دن کے استعمال سے ہی آپ کی جلد گوری اور چمک دار ہوجائے گی۔

٭چہرے اور گردن کا مساج:

دہی ایک چائے کا چمچہ، ناریل کا تیل ایک چائے کا چمچ اور چٹکی بھر پسی ہلدی لے کر ان کا پیسٹ بنا لیں اور پھر اس پیسٹ سے اپنے چہرے اور گردن کا نرم نرم انگلیوں سے اچھی طرح مساج کریں۔ استعمال کے آدھے گھنٹے بعد چہرہ ٹھنڈے پانی سے دھو لیں۔ اس طرح کے مساج کے چند دن بعد ہی آپ کوواضح فرق نظر آئے گا اور آپ کا چہرہ اور گردن سب بالکل صاف نکھری نکھری ہوجائے گی۔

٭بالوں کی حفاظت:

بالوں کی حفاظت کے لیے ایک کینو کا عرق نکال لیں اور اس میں حسب ضرورت پانی ڈال لیں۔ اس کے بعد اس میں پانچ قطرے شہد اور پانچ قطرے عرق صندل بھی شامل کرکے اچھی طرح ملا لیں اور پھر بالوں میں ہلکے ہاتھ سے اچھی طرح لگا لیں۔ لگ بھگ پندرہ یا بیس منٹ بعد بالوں کو صاف پانی سے دھو لیں۔ یہ عمل کم از کم ایک ہفتے تک کریں۔ آپ محسوس کریں گی کہ اس سے آپ کے بال لمبے اور چمک دار ہونے لگے ہیں۔

٭بھدے ناخنوں کا علاج:

خواتین کے ہاتھوں کے ناخن گھریلوکام کاج کرنے کی وجہ سے بھدے اور خراب ہو جاتے ہیں۔ انہیں صحت مند اور چمک داربنانے کے لیے لیموں اس کا بہترین علاج ہیں۔ لیموں استعمال کے بعد اس کا بچا ہوا رس اور اس کے ریشوں سے اپنے ہاتھوں کے ناخنوں کا مساج کریں تو ناخن مضبوط اور چم کدار ہو جائیں گے۔

مذکورہ بالا وہ جند چیزیں تھیں جن کے استعمال سے آپ کے پیسے بھی بچیں گے اور وقت بھی ضائع ہونے سے بچ جائے گا اور ان معمولی چیزوں سے آپ کی اپنی شخصیت میں بھی نکھار پیدا ہوگا۔

 
Load Next Story