پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج

نگراں حکومت سابق حکومت کے نقش قدم پر چل کر عوام پر پیٹرول بم گرا رہی ہے،درخواست میں موقف


محمد ہارون July 02, 2018
عالمی مارکیٹ کے تناسب سے قیمتوں میں غیر ضروری اضافے سے مہنگائی کا نیا طوفان آئے گا، درخواست فوٹو: فائل

نگراں حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کو ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا گیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق جوڈیشل ایکٹوازم پینل کی جانب سے دائر کی گئی درخواست میں کہا گیا ہے کہ نگراں حکومت سابق حکومت کے نقش قدم پر چل کر عوام پر پیٹرول بم گرا رہی ہے، نگراں وفاقی حکومت کو عوامی مشکلات میں اضافے کا کوئی استحقاق نہیں، درخواست میں کہا گیا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات پر اضافی ٹیکسوں سے متعلق سپریم کورٹ نے پہلے ہی از خود نوٹس لے رکھا ہے،عدالتی فیصلہ آنے تک قیمتوں میں بلاجواز اضافہ عوامی حقوق کو ختم کرنے کے مترادف ہے۔

درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے سے عوامی مشکلات میں اضافہ ہوگا،عالمی مارکیٹ کے تناسب سے قیمتوں میں غیر ضروری اضافہ کیا گیا جس سے مہنگائی کا نیا طوفان آئے گا، درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت پیٹرولیم مصنوعات کی قمیتوں میں حالیہ اضافہ کالعدم قرار دے۔

واضح رہے کہ نگراں حکومت نے خراب مالی صورت حال کا موقف اپنا کر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کردیا ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔