سہ ملکی ٹی 20 سیریز آسٹریلیا نے پاکستان کو 9 وکٹوں سے شکست دیدی

آسٹریلیا نے پاکستان کا 117 رنز کا ہدف 10.5 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا

سہ ملکی ٹی 20 سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے زمبابوے کو شکست دی تھی۔ فوٹو : اے ایف پی

سہ ملکی ٹی 20 سیریز کے دوسرے میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو 9 وکٹوں سے شکست دیدی۔

زمبابوے کے شہر ہرارے میں پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلے گئے سہ ملکی ٹی 20 سیریز کے دوسرے میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو 9 وکٹوں سے شکست دیدی۔

پاکستان کی جانب سے آسٹریلیا کو جیت کے لیے 117 رنز کا ہدف دیا گیا جس کے جواب میں آسٹریلیا کی جانب سے اننگز کا آغاز جان شاٹ اور ایرون فنچ نے کیا، 35 کے مجموعی اسکور پر آسٹریلیا کی پہلی وکٹ گری جب جان شاٹ 15 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوگئے تاہم ایرون فنچ نے جارحانہ کھیل پیش کیا اور ناقابل شکست68 رنز کی اننگز کھیلی۔

ایرون فنچ کی شاندار بیٹنگ کے بدولت آسٹریلیا نے مقررہ ہدف ایک وکٹ کے نقصان پر 10.5 اوور میں حاصل کرلیا۔


اس سے قبل آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز محمد حفیظ اور فخر زمان نے کیا، اوپنرز قومی ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کرنے میں ناکام رہے اور محمد حفیظ تیسری گیند پر صفر کے مجموعے پر چلتے بنے جب کہ بعد میں آنے والے حسین طلعت اور اوپنر فخرزمان بھی صرف 19 رنز کے اضافے کے بعد آؤٹ ہوگئے۔

آسٹریلوی بولنگ کے آگے کوئی بھی پاکستانی کھلاڑی زیادہ دیر تک کھڑا نہ رہ سکا اور وقفے وقفے سے پاکستان کی وکٹیں گرتی رہیں، کپتان سرفراز احمد نے صرف 4 رنز بنائے جب کہ شعیب ملک 13 رنز بنانے کے بعد رن آؤٹ ہوگئے۔ پاکستان کی جانب سے شاداب خان نے سب سے زیادہ 29 رنز کی اننگز کھیلی جب کہ آصف علی اور فہیم اشرف نے بالترتیب 22 اور 21 رنز بنائے۔

آسٹریلوی بولرز کی شاندار بولنگ کے باعث قومی ٹیم 19.5 اوورز میں 116 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ آسٹریلیا کی جانب سے اسٹینلیک نے 4، آنڈریو ٹائی نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : پاکستان نے زمبابوے کو 74 رنز سے شکست دیدی

واضح رہے کہ گزشتہ روز سہ ملکی ٹی 20 سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے زمبابوے کو 74 رنز سے شکست دی تھی۔
Load Next Story