انتخابات میں التوا کسی صورت قبول نہیں کریں گے ترجمان تحریک انصاف

نواز شریف اور مریم نواز عام انتخابات کو متنازع بنانے کی کوشش کر رہے ہیں، فواد چوہدری


ویب ڈیسک July 02, 2018
نواز شریف اور مریم نواز عام انتخابات کو متنازع بنانے کی کوشش کر رہے ہیں، فواد چوہدری۔ فوٹو:فائل

ترجمان تحریک انصاف فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ پوری قوم انتخابات کے لیے تیار ہے لہذا انتخابات میں التواء کسی صورت قبول نہیں کریں گے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران ترجمان تحریک انصاف فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف 25 جولائی کے بعد قومی اور صوبائی حکومتیں بنائے گی جب کہ اقتدار میں آکر فاٹا میں صوبائی الیکشن جلد ازجلد کرائیں گے اور حکومت بناتے ہی فاٹا انضمام کو مکمل کیا جائے گا۔

ترجمان تحریک انصاف نے کہا کہ انتخابات کو متنازع کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، نواز شریف، مریم نواز اور ان کے حواری عام انتخابات اور اس کے نتائج کو متنازع بنانے کی کوشش کر رہے ہیں، نوازشریف لندن میں بیٹھ کر اداروں پر تنقید کررہے ہیں، نواز شریف کا بیانیہ ڈان لیکس سے شروع ہوا جو ناکام ہوگیا، (ن) لیگ کے بیانیے کی مذمت کرتے ہیں، اداروں کے خلاف بیانیہ سے پاکستان کو براہ راست نقصان پہنچا جب کہ نوازشریف کے بیانیے کی وجہ سے پاکستان گرے لسٹ میں آگیا۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کسی صورت انتخابات میں التواء قبول نہیں کرے گی، تحریک انصاف اور پوری قوم انتخابات کے لیے تیار ہے جب کہ ایسا لگ رہا ہے کہ تحریک انصاف کے علاوہ اور کوئی جماعت انتخابی مہم نہیں چلا رہی۔ الیکشن کمیشن سے چاروں گورنرز کو تبدیل کرنے کا مطالبہ کیا تھا جب کہ گورنر خیبر پختونخوا اب بھی انتظامی امور دیکھ رہے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں