تھائی ایئرویز کے جنرل منیجر کی ہارون اگر سے ملاقات

مائی کراچی نمائش میں شرکت پر آمادگی، پاک تھائی فضائی رابطے بڑھانے پر اتفاق


Business Reporter May 02, 2013
مائی کراچی نمائش میں شرکت پر آمادگی، پاک تھائی فضائی رابطے بڑھانے پر اتفاق۔ فوٹو: فائل

کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد ہارون اگر نے آسیان ممالک میں تھائی لینڈ کواہم ملک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور تھائی لینڈ کے درمیان تجارت وسیاحت کے شعبوں میں سرمایہ کاری وتعاون کے وسیع مواقع دستیاب ہیں۔

باہمی کاروباری سرگرمیوں میں اضافے کی وجہ سے دونوں ملکوں کے تاجروں کے درمیان رابطے بھی مستحکم ہو رہے ہیں، یہی وجہ ہے کہ دونوں ممالک کے تاجروں کے ایک دوسرے کے ممالک میں آمدورفت بھی بڑھ گئی ہے، یہ بات انہوں نے تھائی ایئر ویز پاکستان کے جنرل منیجرپولاپاٹ نیلابھامورن سے کراچی چیمبر کے دورے کے موقع پر کہی۔

ہارون اگر نے کراچی چیمبر کے تحت جولائی2013 میں ہونے والی '' مائی کراچی'' نمائش میں تھائی پویلین میں تھائی ایئر ویز کا اسٹال لگانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان تاجروں کو بہتر سفری سہولتوں کی فراہمی کے ساتھ ایئر کارگو خصوصاً وہ اشیا جن کے خراب ہونے کا اندیشہ ہوتا ہے کے لیے بہتر گارگو سہولتوں کی فراہمی یقینی بنانے کی ضرورت ہے۔



تھائی ایئر ویز پاکستان کے جنرل منیجر پولاپاٹ نیلابھامورن نے کہا کہ تھائی ایئرویز پاکستان اور تھائی لینڈ کے درمیان سفری سہولتیں فراہم کرنے والی دوسری بڑی ایئر لائن بننے کی خواہش مند ہے۔ انہوں نے کہا کہ تھائی ایئر ویز ایئرکارگو کی سہولت بھی فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے کے سی سی آئی کی ''مائی کراچی''نمائش میں تھائی پویلین میں اسٹال لگانے کی یقین دہانی بھی کرائی۔

انہوں نے بتایا کہ تھائی ایئرویز نے پی آئی اے کے ساتھ بعض روٹس پر جوائنٹ وینچرز بھی کیے ہیں، ہمارا مقصد مشرق بعید میں بہترین ایئر لائن کا اعزاز حاص کرنا ہے۔ اس موقع پر وزارت تجارت تھائی لینڈ کے اعزازی تجارتی مشیر عارف سلیمان، کے سی سی آئی کے نائب صدر شمیم فرپو، نائب صدر ناصر محمواور منیجنگ کمیٹی کے اراکین بھی موجود تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں