نیب ریفرنس نواز شریف اور مریم کو حاضری سے مزید 2 روز کا استثنیٰ

رابرٹ ریڈلے فانٹ کی تصدیق کا ماہر نہیں، وکیل مریم نواز


ویب ڈیسک July 02, 2018
رابرٹ ریڈلے فانٹ کی تصدیق کا ماہر نہیں، وکیل مریم نواز فوٹو:فائل

سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کی بیٹی مریم نواز نے نیب ریفرنس میں پیشی سے 7 روز کیلیے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کردی تاہم عدالت نے دو روز کے لیے استثنیٰ منظور کرلیا۔

احتساب عدالت اسلام آباد میں لندن فلیٹس ریفرنس کی سماعت ہوئی۔ نواز شریف اور مریم نواز بیرون ملک موجودگی کے باعث پیش نہیں ہوئے جبکہ کیپٹن صفدر پیش ہوگئے۔ مریم نواز کے وکیل امجد پرویز نے حتمی دلائل دیتے ہوئے کہا کہ کیلبری فونٹ کی بنیاد پر مریم کی دستاویزات کو جعلی قرار دینے والے رابرٹ ریڈلے فانٹ کی تصدیق کا ماہر نہیں۔

وکیل نے کہا کہ رابرٹ ریڈلے 2005 میں کیلبری فانٹ ڈاوٴن لوڈ کر کے استعمال کر نے کا اعتراف کر چکے ہیں جبکہ مریم کی ٹرسٹ ڈیڈ 2006 کی ہے، رابرٹ ریڈلے کی رائے سچ پر مبنی نہیں، پہلی رپورٹ میں رابرٹ ریڈلے نے فانٹ کا ذکر نہیں کیا، تین دن بعد دوسری رپورٹ میں بات ہی کیلبری فانٹ کی گئی، جے آئی ٹی کا نتیجہ رابرٹ ریڈلے کی رپورٹ پر نکالا گیا، اس طرح کی رپورٹس کو ہماری عدالتیں کمزور شہادت قرار دے چکی ہیں۔

عدالت میں نواز شریف اور مریم نواز نے 2 جولائی سے 8 جولائی تک 7 روز کے لیے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کردی جس کے ساتھ بیگم کلثوم نواز کی دو تازہ میڈیکل رپورٹس بھی منسلک کی گئیں۔ احتساب عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد دو روز کے لیے اسثنیٰ دے دیا۔

العزیزیہ اسٹیل مل ریفرنس کی سماعت کل ہوگی ۔ نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث استغاثہ کے اہم گواہ اور پاناما جے آئی ٹی کے سربراہ واجد ضیاء پر جرح کریں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں