2018 کے انتخابی دنگل کے بڑے مقابلے 

عمران خان کا لاہور میں سعد رفیق اور اسلام آباد میں شاہد خاقان عباسی سے مقابلہ ہوگا۔


ویب ڈیسک July 02, 2018
بلاول بھٹو کا بڑا مقابلہ کراچی میں مسلم لیگ (ن) کے سلیم ضیا سے ہوگا۔

2018 کےانتخابی دنگل میں بڑے بڑے سیاسی لیڈرایک دوسرے سے ٹکرائیں گے جب کہ عمران خان کا سعد رفیق اور شاہد خاقان عباسی سے بڑا مقابلہ ہوگا۔

عام انتخابات کے لیے ہر پارٹی نے اپنے تگڑے امیدوار میدان میں اتارے ہیں لیکن قومی اسمبلی کے چند حلقے ایسے بھی ہیں جہاں پر دونوں جانب سے مضبوط امیدوار میدان میں اتررہے ہیں ایسے میں ان کے درمیان دلچسپ مقابلے کی توقع کی جارہی ہے۔

چیرمین پی ٹی آئی عمران خان قومی اسمبلی کے 5 حلقوں سے الیکشن لڑرہے ہیں لیکن ان کا بڑامقابلہ لاہور کے حلقہ 131 میں مسلم لیگ (ن) کے اہم رہنما سعدرفیق اور اسلام آباد کے حلقہ 53 میں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے ہوگا جب کہ بنوں کے حلقہ 35 میں عمران خان سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اکرم درانی کا سامنا کریں گے۔

مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف قومی اسمبلی کے 4 حلقوں سے انتخاب لڑیں گے۔ کراچی کے حلقہ 249 میں ان کا ٹاکرا تحریک انصاف کے فیصل واوڈا اور لاہور کے حلقہ 132 سے منشا سندھو سے مقابلہ کریں گے جب کہ مسلم لیگ ن کے صدر ڈیرہ غازی خان اورسوات سے بھی الیکشن لڑرہے ہیں۔

چیرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹوزرداری پہلی بار الیکشن کے میدان میں اتررہے ہیں، وہ بھی قومی اسمبلی کے 4 حلقوں سے انتخاب لڑیں گے لیکن بلاول بھٹو زرداری کا بڑا مقابلہ کراچی کے حلقہ 246 میں مسلم لیگ (ن) کے سلیم ضیا سے ہوگا۔

مسلم لیگ (ن) کے قائد نوازشریف کی صاحبزادی مریم نواز بھی زندگی کا پہلا الیکشن لڑیں گی، لاہور کے حلقہ این اے127 میں اُن کا سامنا پی ٹی آئی کے جمشید اقبال چیمہ کریں گے جب کہ انہوں نے این اے 125 سے اپنے کاغذات نامزدگی واپس لےلئے، جہاں پی ٹی آئی کی یاسیمین راشد مضبوط امیدوار کے طور پرسامنے آئی ہیں۔

لاہورکے حلقہ این اے 129 سے سابق اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق اور پی ٹی آئی کے علیم خان کا مقابلہ بھی دیکھنے لائق ہوگا، ضمنی انتخاب میں ایازصادق نےعلیم خان کوبہت کم مارجن سےشکست دی تھی۔

سیالکوٹ کے حلقہ 73 سے خواجہ آصف اور عثمان ڈار میں بھی بڑے مقابلے کی توقع کی جارہی ہے،ادھر ڈیرہ اسماعیل خان کےحلقہ 38 کا الیکشن بھی اہم تصور کیا جارہا ہے جہاں پیپلزپارٹی کے فیصل کریم کنڈی، پی ٹی آئی کےعلی امین گنڈاپور کےحق میں دستبر دار ہوگئے ہیں، اب علی امین گنڈاپور مولانا فضل الرحمان کا مقابلہ کریں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں