مشن چیمپنئز ٹرافی ایبٹ آباد میں پاکستانی مشقوں کا آج آغاز

پلیئرزنے رپورٹ کردی،پہلے سیشن میں فزیکل ٹریننگ اور دوسرے میں نیٹ پریکٹس ہوگی، ڈسپلن کے امور سے آگاہی۔۔۔

پریکٹس میچ کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے (نوید چیمہ) پلیئرز کو مختلف حالات میں پرفارم کرنے کیلیے ذہنی طور پر تیار کروں گا (میانداد) وسیم بھی کیمپ میں آئیں گے۔ فوٹو: فائل

ISLAMABAD:
چیمپئنز ٹرافی کیلیے قومی کرکٹ ٹیم کی مشقوں کا آغاز جمعے کو ایبٹ آباد میں ہوگا، منتخب کھلاڑیوں نے گذشتہ شب رپورٹ کردی۔

پہلے سیشن میں فزیکل ٹریننگ اور دوسرے میں نیٹ پریکٹس ہوگی،ڈسپلن کے امور سے آگاہی کیلیے روزانہ لیکچرز کا اہتمام بھی کیا جائے گا، منیجر نوید اکرم چیمہ نے تقرری کا باضابطہ اعلان ہونے سے قبل ہی ذمہ داریاں سنبھال لیں، ڈیو واٹمور کی سربراہی میں کوچنگ اسٹاف کے ساتھ وسیم اکرم بولرز کی رہنمائی کیلیے موجود ہوں گے، جاوید میانداد بیٹنگ میں مسائل کم کرنے کی کوشش کرینگے، سابق کپتان نے کرکٹرز کو دبائو میں بہتر پرفارم کرنے کیلیے ذہنی طور پر تیارکرنے کا بیڑہ اٹھالیا۔

تفصیلات کے مطابق چیمپئنز ٹرافی کیلیے پاکستان کے تربیتی کیمپ کا آغاز آج جمعے کو ایبٹ آباد کرکٹ اسٹیڈیم میں ہوگا، منتخب کھلاڑیوں نے گذشتہ رات رپورٹ کردی، اُبھرتے ہوئے5 بولرز احمد جمال،ضیا الحق، عطاء اللہ، محمد آفتاب اور سرمد انورکو تجربے اور قومی ٹیم کے بیٹسمینوں کو اچھی پریکٹس کا موقع دینے کیلیے کیمپ میں بلایا گیا ہے۔

منیجر نوید اکرم چیمہ کے مطابق ایبٹ آباد کے پُرفضا مقام پر تربیت سے کرکٹرز کو انگلینڈ کے موسمی حالات سے مطابقت پیدا کرنے میں مدد ملے گی،نمائندہ ''ایکسپریس'' سے بات چیت کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ کیمپ کے دوران ماہر اسٹاف کی موجودگی میں فزیکل ٹریننگ سے کھلاڑیوں کی فٹنس کا معیار مزید بہتر ہوگا، نیٹ پریکٹس کے دوران خامیاں دور کرنے میں مدد ملے گی، آئی سی سی کے قواعد و ضوابط سے آگاہی اور ڈسپلن برقرار رکھنے کے حوالے سے خصوصی لیکچرز کا اہتمام بھی کیا جائے گا، فی الحال ایک پریکٹس میچ کھیلنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے، ضرورت محسوس ہوئی تو اسکواڈ میں شامل کھلاڑیوں کے مابین دوسرے مقابلے کا پروگرام بھی بنایا جا سکتا ہے۔




کیمپ کے حوالے سے نمائندہ''ایکسپریس'' سے گفتگو کرتے ہوئے جاوید میانداد نے کہا کہ ہر میگا ایونٹ کے مقابلے دبائو سے بھرپور ہوتے ہیں، کئی کھلاڑی باصلاحیت ہونے کے باوجود توقعات پر پورا اترنے میں کامیاب نہیں ہوتے، میری کوشش ہوگی کہ پلیئرز کو مختلف حالات میں پرفارم کرنے کیلیے ذہنی طور پر تیار کروں، سابق کپتان نے کہا کہ بیٹنگ میں بہتر کارکردگی دکھانے کیلیے اپنی صلاحیتوں کے ساتھ حریف بولرز کی خوبیوں اور خامیوں کو مدنظر رکھنا ضروری ہوتا ہے، کبھی صرف سنگل ڈبل کرکے ہی کھیل کا پانسہ اپنے حق میں پلٹنے کی ضرورت ہوتی ہے، بے وقت جارحانہ انداز اپنا کر وکٹ گنوانے سے ٹیم کی پوزیشن خراب اور بیٹسمین کا آئندہ میچز کیلیے اعتماد متزلزل ہوتا ہے، بڑا کھلاڑی اسٹروکس کھیلنے کی صلاحیت رکھنے کے باوجود صورتحال کے مطابق ہی انداز اپناتا ہے تاکہ اس کی انفرادی اننگز ٹیم کیلیے زیادہ سے زیادہ فائدہ مند رہے، کریز پر جاکر بیٹ کے ساتھ دماغ کا بھی بہتر استعمال کرنے والا ہی فتوحات میں اہم کردار ادا کرنے کے قابل ہوسکتا ہے۔

جاوید میانداد نے بتایا کہ چیمپئنز ٹرافی کیلیے منتخب اسکواڈ میں شامل بیشتر کھلاڑیوں کے مسائل سے پہلے ہی واقف ہوں، پریکٹس کے دوران مختلف امور میں رہنمائی کرنے بعد تمام پلیئرز کے ساتھ الگ الگ سیشن بھی ہوں گے، ہر بیٹسمین کو اس کی خوبیوں اور خامیوں سے آگاہ کرتے ہوئے مسائل پر قابو پانے کی تکنیک سے آگاہی دینے پر توجہ ہوگی، انھوں نے کہا کہ کوئی بھی بیٹسمین ہر اسٹروک میں یکساں مہارت کا حامل نہیںہوتا، اسے اچھی طرح اندازہ ہونا چاہیے کہ حریف بولر کی کیسی گیندوں پر جارحانہ شاٹ کھیلنا چاہیے، تمام ٹیمیں ہوم ورک کرکے آتی ہیں اور انھیں اپنی کمزوریوں کا فائدہ اٹھانے کا موقع دینے کے نتیجے میں ہی میچ ہاتھ سے نکلتا ہے، میری پوری کوشش ہوگی کہ اپنا تجربہ بروئے کار لاتے ہوئے کھلاڑیوں کو سخت مقابلوں کیلیے ذہنی طور پر تیار کروں، جس ملک کی بدولت عزت، شہرت اور دولت ملی ، اس کے کسی کام آسکوں تو بڑی خوشی کی بات ہوگی۔

یاد رہے کہ قومی ٹیم کے تربیتی کیمپ میں کپتان مصباح الحق، محمد حفیظ، عمران فرحت، ناصر جشید، اسد شفیق، عمر امین، شعیب ملک،کامران اکمل، جنید خان،محمد عرفان، وہاب ریاض، اسدعلی، احسان عادل، سعید اجمل اور عبدالرحمان شامل ہیں۔ انگلینڈ میں شیڈول چیمپئنز ٹرافی کا آغاز 6 جون سے ہوگا، پاکستانی ٹیم ایونٹ سے قبل 4 ون ڈے میچز میں شرکت کیلیے13 مئی کو اسکاٹ لینڈ روانہ ہوگی، گرین شرٹس 17 اور19 مئی کو آئرلینڈ جبکہ 23 اور 26 مئی کو اسکاٹ لینڈ سے میچ کھیلیں گے،چیمپئنزٹرافی میں پاکستان کا پہلا مقابلہ 7 جون کو اوول کے میدان میں ویسٹ انڈیز سے ہوگا۔
Load Next Story