آئی پی ایل رائنا کنگز الیون پنجاب کے سامنے چٹان بن گئے

ناقابل شکست سنچری، چنئی سپر کنگز 15 رنز سے فتحیاب، رائل چیلنجرز کی جیت


Sports Desk May 03, 2013
ناقابل شکست سنچری، چنئی سپر کنگز 15 رنز سے فتحیاب، رائل چیلنجرز کی جیت فوٹو : بی سی سی آئی/فائل

سریش رائنا کنگز الیون پنجاب کے سامنے چٹان بن گئے، ناقابل شکست سنچری جڑ کر چنئی سپر کنگز کو 15 رنز سے فتح دلادی، شین مارش اور ڈیوڈ ملر کی ففٹی بھی کسی کام نہیں آسکی۔

دوسرے میچ میں رائل چیلنجرز بنگلور نے پونے واریئرز کو 17 رنز سے قابو کیا، سوربھ تیواری اور ابراہم ڈی ویلیئرز نے ففٹیز بنائیں۔ تفصیلات کے مطابق چنئی سے میچ میں کنگز الیون پنجاب 187 رنز کے جواب میں 6 وکٹ پر 171 رنز بنا پایا، اوپنرز لیوک پومر باش(7) اور مندیپ سنگھ (15) کے آؤٹ ہونے کے بعد شین مارش نے ٹیم کو سنبھالا دینے کی کوشش کی،73 کے مجموعے پر ڈیوڈ ہسی (22) نے ان کا ساتھ چھوڑا تو انھوں نے ڈیوڈ ملر کے ساتھ مل کر ٹوٹل کو 168 تک پہنچایا، مارش کو براوو نے 73 رنز پر بولڈ کیا، انھوں نے 51 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 2 چھکے اور 8 چوکے جڑے، براوو نے گورکیرات سنگھ اور راجاگوپال ستیش کو کھاتہ کھولنے کی مہلت دیے بغیر آؤٹ کیا، ملر 51 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔



براوو نے تین جبکہ موہت شرما نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ اس سے قبل چنئی نے 4 وکٹ پر 186 رنز بنائے، سریش رائنا 100 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے جس کے لیے انھوں نے صرف 53 بالز کا سامنا کیا، انھوں نے 6 چھکے اور 7 چوکے لگائے، مائیک ہسی نے 35 رنز اسکور کیے۔ دوسرے میچ میں رائل چیلنجرز بنگلور کی جانب سے دیے گئے 188 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پونے کی ٹیم 9 وکٹ پر 170 رنز بنا پائی، روبن اتھاپا نے 75 رنز اسکور کیے مگر باقی پلیئرز میں سے کوئی بھی بہتر پرفارم نہیں کرپایا، ونے کمار نے تین اور کارتھک نے 2 وکٹیں لیں۔ اس سے پہلے بنگلور نے 3 وکٹ پر 187 رنز بنائے، تیواری 52 اور ڈی ویلیئرز 50 رنز ناٹ آؤٹ کے ساتھ نمایاں رہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں