چیمپئنز ٹرافی پروٹیز اسکواڈ میں کیلس شامل نہ ہوسکے

پال ڈومنی کی واپسی، سری لنکانے چناکا ویلی گیدرا کو طلب کرلیا، مینڈس باہر


AFP May 03, 2013
پال ڈومنی کی واپسی، سری لنکانے چناکا ویلی گیدرا کو طلب کرلیا، مینڈس باہر (فوٹو ایکسپریس)

جنوبی افریقہ اور سری لنکا نے بھی چیمپئنز ٹرافی کے لیے حتمی اسکواڈز کا اعلان کردیا، حیران کن طور پر سینئر آل راؤنڈر جیک کیلس پروٹیز دستے کا حصہ نہیں ہوں گے، پال ڈومنی کی واپسی ہوگئی۔

آئی لینڈرز نے لیفٹ آرم سیمر چناکا ویلی گیدرا کو طلب کرلیا، 15 رکنی اسکواڈ میں اجنتھا مینڈس کی کوئی جگہ نہیں بن پائی۔ تفصیلات کے مطابق آئندہ ماہ انگلینڈ میں شیڈول چیمپئنز ٹرافی کے لیے جنوبی افریقہ نے جیک کیلس کو منتخب نہ کرکے سب کو حیران کر دیا،اکتوبر میں38 برس کے ہونے والے تجربہ کار آل راؤنڈرکے بارے میں عام طور پر یہ خیال کیا جا رہا تھا کہ انھیں 8 ملکی ٹورنامنٹ میں کھلایا جائے گا، اس سے قبل انھیں نیوزی لینڈ اور پاکستان کے خلاف ہوم ون ڈے سیریز میں بھی آرام دیا گیا تاہم ان دنوں وہ آئی پی ایل میں کولکتہ نائٹ رائیڈرز کی نمائندگی میں مصروف ہیں۔



اس بارے میں چیف سلیکٹر اینڈریو ہڈسن کا کہنا ہے کہ کیلس کو ان کی درخواست پر منتخب نہیں کیا گیا، ہمیں اس کی وجہ کا علم نہیں، ہوسکتا ہے کہ آئندہ چند ہفتوں میں ہمیں اس سلسلے میں کچھ اور سننے کو ملے۔ کوچ گیری کرسٹن نے بھی تسلیم کیا کہ جیک کیلس ایک بڑے پلیئر ہیں ان کی کمی محسوس ہوگی۔ ایڑی کی تکلیف سے نجات پانے والے ڈومنی کی واپسی ہوگئی، منتخب 15 رکنی جنوبی افریقی اسکواڈ میں کپتان ابراہم ڈی ویلیئرز، ہاشم آملا، فرحان بہردیان، پال ڈومنی، فاف ڈوپلیسس، کولن انگرام، رورے کلینویلڈ، ریان میکلرین، ڈیوڈ ملر، مورن مورکل، روبن پیٹرسن، ایرون فانگیسو، گریم اسمتھ، ڈیل اسٹین اور لونوابو سوٹسوبے شامل ہیں۔

ادھر سری لنکا نے2010 میں اپنا آخری ون ڈے میچ کھیلنے والے 32 سالہ ویلی گیدیرا کو منتخب کر لیا، انھوں نے صرف 10 ایک روزہ میچز میں حصہ لیا ہے،انھیں گذشتہ برس ہیمسٹرنگ انجری کے باعث آسٹریلیا کے ٹیسٹ ٹور سے واپس بھیج دیا گیا تھا،اسکواڈ کپتان انجیلو میتھیوز، دنیش چندیمل، دلشان، کوشل پریرا، کمار سنگاکارا، مہیلا جے وردنے، لاہیرو تھریمانے، جیون مینڈس، تشاراپریرا، لسیتھ مالنگا، رنگانا ہیراتھ، نوان کولاسیکرا، شمندا ایرنگا، سچترا سینانائیکے اور چناکا ویلی گیدرا پر مشتمل ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔