ایشین اسنوکر صالح محمد چینی حریف کو ہرا کر فائنل میں پہنچ گئے

ٹرافی کیلیے آج عمر الکوجہ سے مقابلہ ،سخت ترین مقابلے کے بعد عامر سرکوش ناکام


Sports Reporter May 03, 2013
ٹرافی کیلیے آج عمر الکوجہ سے مقابلہ ،سخت ترین مقابلے کے بعد عامر سرکوش ناکام. فوٹو: رائٹرز/فائل

KARACHI: افغانستان کے صالح محمد چینی حریف کو شکست دے کر 29 ویں ایشین اسنوکر چیمپئن شپ کے فائنل میں پہنچ گئے۔

ٹرافی کیلیے جمعے کو ان کا شام کے عمر الکوجہ سے مقابلہ ہوگا، جنھوں نے دوسرے سیمی فائنل میں سخت ترین مقابلے کے بعد ایران کے عامر سرکوش کو 5-6 سے زیرکرلیا، تفصیلات کے مطابق پاکستان بلیئرڈ اینڈ اسنوکر فیڈریشن کے تحت مقامی ہوٹل میں ہونے والی 13 ہزار 5 سو ڈالرز کی چیمپئن شپ کے پہلے سیمی فائنل میں صالح محمد اور چین کے زاو ین تانگ کے درمیان دلچسپ مقابلہ دیکھنے میںآیا، ماضی میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے اور 2003 کی عالمی اسنوکر چیمپئن شپ کے فائنلسٹ صالح محمد نے نوجوان چینی کیوئسٹ کو اپنی مہارت اور تجربے کی بدولت 3-6 سے قابو کرلیا۔



دوسرے سیمی فائنل میں چیمپئن شپ کا سب سے طویل مقابلہ ہوا، 5 گھنٹے سے زیادہ کی تگ و دو میں 2 مرتبہ سنچری بریک کھیلنے والے ایران کے عامر سرکوش کی قسمت نے ساتھ نہ دیا، 11 فریمز پر مشتمل اس مقابلہ میں عمر الکوجہ نے کامیابی اپنے نام کی، 13 فریمز پر مشتمل چیمپئن شپ کا فائنل جمعے کی صبح 10 بجے کھیلا جائے گا، فاتح ٹرافی کے ساتھ7 ہزار ڈالرز کا بھی حقدار ہوگا جبکہ فائنلسٹ کو رنر اپ ٹرافی اورساڑھے تین ہزار ڈالرز دیے جائیں گے،دریں اثنا چیمپئن شپ میں شریک ہانگ کانگ کی ٹیم جمعرات کو واپس وطن روانہ ہوگئی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔