ورلڈ انڈر 12 بیس بال پاکستان کو شرکت کا پروانہ مل گیا

امریکا، وینزویلا، برازیل، کوریا، پانامہ، نائیجیریا اور روس کے ساتھ گروپ بی میں شامل۔


Sports Reporter May 03, 2013
امریکا، وینزویلا، برازیل، کوریا، پانامہ، نائیجیریا اور روس کے ساتھ گروپ بی میں شامل۔ فوٹو: اے پی پی/فائل

KARACHI: پاکستانی ٹیم کو ورلڈ انڈر 12بیس بال کپ میں شرکت کا پروانہ مل گیا،ایونٹ18 سے28 جولائی تک تائیوان میں ہونا ہے، پاکستان کو امریکا، وینزویلا، برازیل، کوریا، پانامہ، نائیجیریااور روس کے ساتھ گروپ بی میں رکھا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستانی ٹیم ورلڈ انڈر 12 ورلڈ کپ کیلیے کوالیفائی کرنے میں کامیاب ہوگئی، انٹرنیشنل بیس بال فیڈریشن نے18 سے 28 جولائی تک تائیوان میں شیڈول ایونٹ کیلیے جن 16 ٹیموں کا اعلان کیا ان میں پاکستان بھی شامل ہے۔گروپ اے تائیوان،میکسیکو، جاپان، اٹلی، کولمبیا، جمہوریہ چیک،بھارت اور ہانگ کانگ پر مشتمل ہوگا،بی میں امریکا، وینزویلا، برازیل، کوریا، پانامہ،نائیجیریا، روس اور پاکستان کو جگہ دی گئی ہے۔

پاکستان بیس بال فیڈریشن کے سیکریٹری جنرل سید خاور شاہ نے بتایا کہ آئی بی ایف کے تحت ہونے والے انڈر 12 ورلڈکپ کیلیے پہلی بار کوالیفائی کرنا ملک کیلیے بڑے اعزاز کی بات ہے، ایونٹ میں شرکت سے یہاں کھیل کومزید فروغ حاصل ہوگا۔ انھوں نے کہا کہ بیس بال کھیلنے والے دنیا کے 124 ممالک کی فہرست میں پاکستان اس وقت 23 ویں اور ایشیا میں چھٹے نمبر پر ہے۔خاور شاہ نے بتایا کہ قومی یوتھ ٹیم کی سلیکشن کیلیے اوپن ٹرائلز 30 مئی کی صبح 11 بجے دی لارڈز انٹرنیشنل اسکول لاہور میں ہوں گے جس کیلیے 25 تک نام درج کرائے جاسکتے ہیں، ابتدائی طور پر 25 کھلاڑیوں کا انتخاب کرکے40 دن کا تربیتی کمپ لگایا جائے گا۔



عالمی سطح کے ٹورنامنٹ کیلیے بہترین ٹیم کی تیاری کیلیے فیڈریشن بہترین کوچز اور ہر ممکن سہولتیں فراہم مہیا کرے گی، اسی وینیو پر 15 جولائی کو حتمی ٹرائلزکے بعد ٹیم کا انتخاب عمل میںلایا جائے گا،انھوں نے کہا کہ 2001 یااس کے بعد پیدا ہونے والے کھلاڑی ہی یوتھ مقابلوں میں شرکت کے اہل ہونگے، ٹرائلز کیلیے آنے والوں کو اپنی عمر کی تصدیق لازمی طور پر کرانا ہوگی، انٹرنیشنل بیس بال فیڈریشن قوانین کے مطابق والدین اپنے خرچ پر بچوں کے ساتھ جا سکتے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں