چیمپئنز لیگ بائرن میونخ نے بارسلونا کی امیدوں کا چمن اجاڑدیا

سیمی فائنل سیکنڈ لیگ میں بھی 0-3 سے وائٹ واش، 0-7 کی ایگریگیٹ فتح

سیمی فائنل سیکنڈ لیگ میں بھی 0-3 سے وائٹ واش، 0-7 کی ایگریگیٹ فتح۔ فوٹو: فائل

چیمپئنز لیگ میں بائرن میونخ نے بارسلونا کی امیدوں کا چمن اجاڑ دیا، سیمی فائنل سیکنڈ لیگ میں بھی 0-3 سے وائٹ واش کردیا۔

7-0 کی شاندار ایگریگیٹ فتح پر فائنل میں نشت محفوظ کرالی، 25 مئی کو بروشیا ڈورٹمنڈ کے ساتھ آل جرمن معرکہ ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق چیمپئز لیگ کے دوسرے سیمی فائنل کے سیکنڈ لیگ میں بائرن میونخ نے بارسلونا کو 0-3 سے شکست دے کر تیسری مرتبہ فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کرلیا،اس نے ٹرافی کے لیے انتہائی فیورٹ قرار پانے والی بارسلونا کی ٹیم کو 0-7 کے بے مثال ایگریگیٹ اسکور پر شکست دی، فرسٹ لیگ میں بائرن کو0-4 سے فتح حاصل ہوئی تھی، سیکنڈ لیگ میں بھی جرمن کلب سائیڈ نے یہ ثابت کردیا کہ اسے پہلی کامیابی اتفاق سے نہیں بلکہ منظم کھیل کی وجہ سے حاصل ہوئی تھی۔




ابتدائی میں فیلڈ میں اترنے والے بارسلونا کے کھلاڑیوں میں لیونل میسی شامل نہیں تھے، مہمان سائیڈ کی جانب سے ہاف ٹائم کے فوری بعد ارجین روبن نے کھاتہ کھولا،49 ویں منٹ میں ان کے بائیں پائوں کی ٹھوکر سے گولی کی طرح جانے والی گیند گول کیپر کو کوئی بھی موقع دیے بغیر جال میں گھس گئی، بارسلونا اس صدمے اسے ابھی سنبھلی ہی نہیں تھی کہ اچانک ایسا شدید دھچکا پہنچا کہ آنکھیں پھٹی رہ گئیں، 72 ویں منٹ میں گیرارڈ پائکو نے بوکھلاہٹ میں گیند اپنے ہی گول پوسٹ میں ڈال دی، اپنوں کے ہی بجلیاں گرانے کے بعد بارسلونا کی امیدوں کے دیے بجھنا شروع ہوگئے، جب 4 منٹ بعد تھوماس ملر نے ہیڈرر پر گیند کو جال کی راہ دکھائی تو بچے کھچے امکانات بھی ختم ہوگئے۔

اب بائرن میونخ کا 25 مئی کو ویمبلے میں اپنے ہموطن جرمن کلب بورشیا ڈورٹمنڈ کے ساتھ مقابلہ ہوگا جس نے ایونٹ کی ایک اور خطرناک ٹیم ریئل میڈرڈ کو ایگریگیٹ پر شکست سے دوچار کرکے ٹرافی میچ کیلیے کوالیفائی کیا۔ دریں اثنا اون گول کرنے والے گیراڈ پائکو کا کہنا ہے کہ میں بارسلونا کی ٹیم میں پانچ برس سے ہوں مگر یہ میری اس کلب میں سب سے مشکل ترین رات تھی، ہم نے کوشش بہت کی مگر حریف سائیڈ نے دوسرے ہاف کے آغاز میں ہی گول کر کے ہمیں توڑ کررکھ دیا،مقابلے کے آخری 25 منٹ انتہائی دشوار تھے۔
Load Next Story