انتخابات کے روزآرمی اسٹینڈ بائی رہے گی نگراں وزیراعلیٰ سندھ

حساس پولنگ اسٹیشنوں سمیت جہاں ضرورت ہوگی فوج تعینات کردی جائیگی،جرمن وفد سے گفتگو

سینٹرل جیل میں ری ہیبلی ٹیشن سینٹرکاقیام خوش آئندہے،سنگ بنیادکی تقریب سے خطاب فوٹو: فائل

KARACHI:
نگراں وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر) زاہد قربان علوی نے کہا کہ انتخابات کے روز آرمی اسٹینڈبائی رہے گی اور حساس پولنگ اسٹیشن سمیت جہاں پربھی ضرورت ہوگی فوری طوری پرفوج کوتعینات کردیا جائے گا ۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے جرمن میڈیا گروپ کے وفد سے باتیں کرتے ہوئے کیا جنھوں نے جمعرات کووزیراعلیٰ ہائوس میں ان سے ملاقات کی اور11مئی کو ہونیوالے عام انتخابات کے حوالے سے مختلف امور پرتبادلہ خیال کیا۔ وفد میں رابن روہلنگ ،کرسٹائن زرم، اولقدوس حق، اینگو حسیونڈ اور ڈیپل انگ شامل تھے۔دریں اثنا سینٹرل جیل کراچی میں ری ہبلی ٹیشن سینٹر کے سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے نگراںوزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر) زاہد قربان علوی نے کہا ہے کہ سینٹرل جیل کے اندر قیدیوں کے لیے ری ہیبلی ٹیشن سینٹر کا قیام خوش آئند بات ہے اور نگران صوبائی حکومت نے قلیل مدت میں جو نمایاں کام کیے ہیں ان میں یہ بھی ایک ہے۔

جرمن وفد سے گفتگو کرتے ہوئے نگراں وزیر اعلی نے کہا کہ الیکشن 11مئی 2013 کو ہوں گے اور نگراں حکومت صاف و شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات کے انعقاد کو ہرقیمت پر یقین بنائے گی اورکل جماعتی کانفرنس (اے پی سی)کے اجلاس کے انعقاد کا مقصد تھا کہ تمام جماعتوں کے ساتھ الیکشن کے حوالے سے بات کی جائے اورانھیں اعتماد میں لیا جائے۔ اے پی سی کے اجلاس میں تمام جماعتوں نے عام انتخابات کے موقع پرآرمی کی تعیناتی کا مطالبہ کیا ۔نگراں وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ فوج ریپیڈ فورس کے طور پر موجود ہوگی ۔نگراں حکومت الیکشن کمیشن کے ساتھ ہرممکن تعاون کریگی۔ ہم کوشش کررہے ہیں کہ لوگ بلاخوف و خطر کے اپنا ووٹ ڈال سکیں۔ جرمن وفد نے صوبے میں صاف وشفاف انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے کیے گئے اقدامات کو سراہا۔




سینٹرل جیل کراچی میں خطاب کرتے ہوئے نگراں وزیراعلیٰ سندھ نے کہاکہ جیل کے اندر اصلاعات کے عمل سے قیدیوں کی اصلاح ہوگی اور وہ معاشرے کے کار آمد شہری بن سکیں گے۔انھوں نے کہا کہ صوبائی وزیرخوراک خالد لطیف نے بھی دارالامان میں خواتین کی اصلاح کے سلسلے میں این جی اوز سمیت نجی شعبے کے تعاون سے اصلاحات کا عمل شروع کیا ہے، اس کے بھی معاشرے میں اچھے نتائج سامنے آئیں گے۔ تقریب سے صوبائی وزیرقانون وجیل محمود مانڈیوالا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ری ہبلی ٹیشن سینٹر میں ووکیشنل ٹریننگ دی جائے گی اوراس کے ساتھ ساتھ کمپیوٹر لٹریسی، میوزک کلاسز اور قالین سازی کے علاوہ مختلف ٹریڈز میں فنی تربیت کا اہتمام کیاگیا ہے۔انھوں نے کہا کہ ری ہبلی ٹیشن سینٹر مکمل طور پر نجی شعبہ کے تعاون سے قائم کیا جا رہا ہے۔

انھوں نے کہا کہ سندھ کے تمام جیلوں میں کمپیوٹرلیب قائم کی جا رہی ہیں۔ خواتین کے لیے انتظامی بلاک کوعلیحدہ کردیاگیا ہے۔ مانڈی والا نے مرد و خواتین قیدیوں کی تربیت کے لیے ملٹی نیشنلز کی جانب سے 100کمپیوٹرز کے عطیہ کا بھی اعلان کیا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ امریکا کی حکومت کے ساتھ جیل کے 75 اہلکاروں کی تربیت کے لیے ایک معاہدے پردستخط کیے گئے ہیں اور اس سلسلے میں 15 افسران کا پہلا بیچ 3ہفتے کی تربیت پر 2 جون 2013 کو روانہ ہوگا ۔اس سارے پروگرام پر فنڈنگ امریکا کی حکومت کی جانب سے کی گئی ہے۔ تقریب سے سندھ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس مشیرعالم نے بھی خطاب کیا۔
Load Next Story