5 مئی کومزار قائد اعظم سے متصل گرائونڈ میں جلسہ ہوگامحنتی

شہر میں عملًا ایسی فضا قائم کر دی گئی ہے کہ شہری انتخابی عمل سے لا تعلق ہوجائیں


Staff Reporter May 03, 2013
عوام انتخابات ملتوی کرانے کی سازشوں کو ناکام بنا دینگے، پریس کانفرنس سے خطاب۔ فوٹو: فائل

SUKKUR: جماعت اسلامی کراچی کے امیر محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ انتخابات ملتوی کرانے کی سازش کی جارہی ہے،ہم کراچی میں امن کیلیے اٹھ کھڑے ہوئے ہیں۔

5مئی کو مزار قائد اعظم سے متصل گرائونڈ میں جلسہ عام منعقد کیا جائے گا ،جس سے جماعت اسلامی کے امیر منورحسن اور ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان خطاب کریں گے، جلسہ عام کراچی میں حقیقی امن کے قیام کیلیے سنگ میل ثابت ہوگا ، عوام جلسہ عام میں بڑی تعداد میں شریک ہوں، صوبہ سندھ میں الیکشن کمیشن اور نگراں حکومت پیپلزپارٹی اور اس کی سابقہ اتحادیوں کی ایما پر چل رہی ہے، عوام انتخابات ملتوی کرانے کی سازشوں کو ناکام بنا دیں گے،ان خیالات کا اظہار انھوں نے جمعرات کو ادارہ نورحق میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا،اس موقع پر جماعت اسلامی کراچی کے نائب امیر برجیس احمد اورسیکریٹری اطلاعات زاہد عسکری بھی موجود تھے۔

انھوں نے کہا کہ آج پورے ملک میں انتخابی گہما گہمی کا آغاز ہو گیا ہے مگر بد قسمتی سے چند مذموم عناصر کراچی میں پے درپے بم دھماکوں کے ذریعے انتخابی عمل کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کررہے ہیںاور عملا ایسی فضا قائم کر دی گئی ہے کہ شہری انتخابی عمل سے لا تعلق ہو جائیں مگر اللہ کا شکر ہے کہ تمام تر نا مساعد حالات کے باوجود جماعت اسلامی نے اپنی انتخابی سرگرمیوں کا آغاز کردیا ہے، اس حوالے سے بڑے پیمانے پر جلسے اور جلوس نکالے جا رہے ہیں، کارنر میٹنگز اور گھر گھر جا کر عوام سے رابطوں کا آغاز کر دیا گیا ہے،عوام کا رجحان بدلاہے۔



پانچ برسوں تک حکومت کرنے والی اتحادی حکومت نے عوام کو غربت، مہنگائی ، بے روزگاری، ٹارگٹ کلنگ اور لوڈ شیڈنگ کے سوا کچھ نہیں دیا،جس کے نتیجے میں عوام میں مایوسی پائی جاتی ہے اور عوام کھل کر سابقہ حکمران جماعتوں سے اپنی بے زاری کا اعلان کررہے ہیں، ہوا کارخ بدل گیا ہے اور اسی بدلے ہوئے رخ کو دیکھتے ہوئے بم دھماکوں کی آڑ میں انتخابات کے التوا کی بات کی جارہی ہے، انھوں نے کہا کہ انتخابی مہم کے سلسلے میں 5 مئی بروز اتوار سہ پہر تین بجے جماعت اسلامی کراچی نے مزار قائد پر عظیم الشان جلسہ عام کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے، جلسہ عام کی تیاریوں کے سلسلے میں ہم نے تمام تر انتظامات مکمل کر لیے ہیں،انھوں نے الیکشن کمیشن کے اس اعلان کی شدید مذمت کی ، جس میں الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ انتخابات کے دن پولنگ اسٹیشنوں پر فوج تعینات نہیں کی جائے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں