نوازشریف نے مجھ سے بے وفائی نہیں دشمنی کی چوہدری نثار 

دشمنی کا جواب دینا آتا ہے مگر میرے حلقے کے ووٹرز نوازشریف کو جواب دیں گے، سابق وزیرداخلہ


ویب ڈیسک July 03, 2018
دشمنی کا جواب دینا آتا ہے مگر میرے حلقے کے ووٹرز نوازشریف کو جواب دیں گے، سابق وزیرداخلہ

سابق وزیر داخلہ چوہدری نثارعلی خان کا کہنا ہے کہ نوازشریف نے مجھ سے بے وفائی نہیں بلکہ دشمنی کی اور مجھے اس کا جواب دینا آتا ہے لیکن یہ جواب میرے حلقے کے ووٹرز دیں گے۔

راولپنڈی کے علاقے چکری میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری نثارعلی خان کا کہنا تھا کہ تقریر وہاں کی جاتی ہے جہاں لوگوں کو قائل کرنا ہوتا ہے لیکن یہاں موجود لوگوں نے تو الٹا مجھے قائل کرلیا ہے کیوں کہ یہ غیرت مندوں کا علاقہ ہے یہاں لوگ پرچیوں سے نہیں ضمیر سے ووٹ دیتے ہیں۔

چوہدری نثار نے کہا کہ نوازشریف سے 34 سال وفاداری نبھائی، نوازشریف سے ایسی وفاداری نبھائی جیسے بھائی بھائی نہیں نبھا سکتا لیکن نوازشریف نے بے وفائی نہیں بلکہ مجھ سے دشمنی کی جب کہ مجھے اس کا جواب دینا ہے لیکن اس کا جواب میرے حلقے کے ووٹرز دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے اگر سیٹ کی لالچ ہوتی تو چپکے سے ایک درخواست لاہور بھیج دیتا جب کہ عمران خان نے بھی کہا کہ نثار ہماری طرف آئیں ٹکٹوں کی لائن لگا دیں گے لیکن چودھری نثار نہ پہلے کبھی بکا ہے نہ آئندہ بکے گا۔

سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ میرا مقابلہ کسی وزیر یا ایم این اے کے حلقے سے نہ کریں بلکہ میرے حلقے کا مقابلہ نوازشریف ،شہبازشریف، زرداری، عمران خان کے حلقے سے کریں جب کہ میرے مخالفین کوئی نئے نہیں، یہ 8 سال مشرف کی وردی کے پیچھے آپ پرمسلط رہے لیکن اُس کے باوجود میں نے کسی کی خوشامد نہیں کی بلکہ اصولوں کی سیاست کی ہے، 34 سال آپ کو شرمندہ نہیں کیا آئندہ بھی نہیں کروں گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔