نگراں وزرا کے اثاثے وزیر قانون علی ظفر 28 کروڑ اور وزیر خارجہ عبداللہ حسین کے پاس 48 لاکھ

نگراں وزیر خزانہ شمشاد اختر4کروڑ‘ وزیر داخلہ اعظم خان1 کروڑ 45لاکھ، وزیر تعلیم یوسف شیخ کے اثاثے1کروڑ83 لاکھ ہیں

وزیر ریلوے روشن خورشید بھروچہ نے اثاثوں کی کل مالیت درج نہیں کی، تفصیلات نہ دینے والے وزرا کو کام سے روکنے پر غور۔ فوٹو: فائل

الیکشن کمیشن میں نگراں وفاقی وزرا کے اثاثوں کی تفصیلات منظر عام پر آ گئیں۔

نگراں وفاقی وزیر قانون علی ظفر28 کروڑ38 لاکھ 6 ہزار22 روپے کے مالک نکلے، ان کے پاس دبئی میں 3 اپارٹمنٹس، لندن ڈبلیو ٹو اور برمنگھم میں بھی گھر ہے، نگراں وزیر خارجہ عبداللہ حسین ہارون کا بینک بیلنس 48 لاکھ روپے سے زائد ہے، نگران وفاقی وزیر داخلہ اعظم خان ایک کروڑ 45 لاکھ29 ہزار روپے سے زائد کے اثاثوں کے مالک ہیں، وزیر ریلوے روشن خورشید بھروچہ نے اپنے اثاثوں کی کل مالیت درج نہیں کی۔

الیکشن کمیشن نے اثاثہ جات کی تفصیلات جمع نہ کروانے والے17نگراں وزا کے نام جاری کردیے اور ان کو کام سے روکنے پر بھی غور شروع کر دیا ہے۔ منگل کو نگراں وفاقی وزرا کی طرف سے الیکشن کمیشن میں جمع کرائے جانے والے اثاثوں کی تفصیلات منظر عام پر آ گئیں۔ دستاویزات کے مطابق نگراں وفاقی وزیر قانون علی ظفر28 کروڑ38 لاکھ 6 ہزار 22 روپے کے مالک ہیں، ان کا بینک بینلس11کروڑ 15لاکھ 34 ہزار 679 روپے ہے، اس کے علاوہ وہ ایک کروڑ95 لاکھ49 ہزار 499 روپے مالیت کی گاڑیوں کے بھی مالک ہیں۔

دستاویزات کے مطابق علی ظفر کے پاس دبئی میں تین اپارٹمنٹس، لندن ڈبلیو ٹو اور برمنگھم میں بھی گھر ہے جبکہ وہ پراپرٹی مورگیج کے نام پر 3 کروڑ 10لاکھ 26 ہزار 250 روپے کے مقروض ہیں، ان کی اہلیہ ایک کروڑ 59 لاکھ 60 ہزار روپے کی مالک ہیں اور ان کے پاس150تولے سونا بھی ہے۔


دستاویزات کے مطابق نگران وزیر خارجہ عبداللہ حسین ہارون کا بینک بیلنس 48 لاکھ روپے سے زائد ہے، اس کے علاوہ جیمس آباد میں 25 ایکڑ زمین بھی ان کی ملکیت میں شامل ہے جبکہ کراچی میں انہوں نے اپنی رہائش گاہ کو خاندانی وراثت ظاہر کیا ہے، اسی طرح انھوں نے 17لاکھ روپے کی سرمایہ کاری، 50 تولے سونا، 90 لاکھ روپے کی لینڈ کروزر اور 28 لاکھ روپے کی مرسڈیز بھی ظاہر کی ہے۔

نگراں وزیر خزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر کے نام اسلام آباد میں تین اور کراچی میں ایک گھر ہے، ان کی جائیداد کی کل مالیت 28 لاکھ روپے ہے جبکہ وہ 4 کروڑ 4 لاکھ 4 ہزار 746روپے کی مالک ہیں،وزیر داخلہ اعظم خان ایک کروڑ45 لاکھ 29 ہزار روپے سے زائد کے اثاثوں کے مالک ہیں،دستاویزات کے مطابق نگراں وزیر تعلیم محمد یوسف شیخ کی جائیداد کی کل مالیت ایک کروڑ83 لاکھ روپے سے زائد ہے،دستاویزات کے مطابق روشن خورشید کوئٹہ میں 62 ہزار سکوئر فٹ زمین کی بھی مالک ہیں۔

دریں اثنا الیکشن کمیشن نے اثاثہ جات کی تفصیلات جمع نہ کروانے والے17نگران وزا ء کے نام جاری کر دیے، پنجاب کے7 ، سندھ کے 3 ، خیبرپختونخوا کے 5 اور پلوچستان کے 2 وزاء نے تاحال اثاثوں کی تفصیلات جمع نہیں کرائیں، الیکشن کمیشن نے ان وزراء کو کام سے روکنے پر بھی غور شروع کر دیا ہے۔

 
Load Next Story