حکومت اپنی مدت میں ایک دن کی بھی توسیع نہیں کرے گی نگراں وزیراعظم

ملک کے امن ومان سے کسی کوکھیلنےکی اجازت نہیں دیں گے،اس حوالےسے تمام ضروری اقدامات کی ہدایت کردی گئی ہے، نگراں وزیراعظم


ویب ڈیسک May 03, 2013
تمام سیاسی جماعتوں اور ان کے کارکنوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں کہ وہ عام انتخابات میں بھرپور حصہ لے رہے ہیں، میر ہزار خان کھوسو فوٹو: ایکسپریس نیوز

ISLAMABAD: نگراں وزیر اعظم میر ہزار کھوسو نے کہا ہے کہ حکومت اپنی مدت میں ایک دن کی بھی توسیع نہیں کرے گی، جو بھی جماعت انتخابات جیتے گی اقتدار اس کے حوالے کردیا جائے گا۔

نگراں وزیراعظم میرہزارکھوسو نے قوم سے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان کا قیام برصغیر کی آئینی اور جمہوری جدوجہد کا ثمر ہے جس کا سہرا بابائے قوم قائد اعظم محمدعلی جناح کے سر ہے، قائد اعظم کی ہی انتھک محنت سے علامہ اقبال کا خواب شرمندہ تعبیر ہوا لیکن قیام پاکستان کے بعد ہی ملک کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور ہمارا مشرقی بازو ہم سے الگ ہوگیا۔ انہوں نے کہا کہ میں آپ سے ایک ایسے وقت پر مخاطب ہوں جب ملک میں عام انتخابات ہونے جارہے ہیں اورمیں قوم کو یقین دلاتا ہوں کہ انتخابات صاف، شفاف اور غیر جانبدارانہ ہوں گے اور یہی نگراں حکومت کا مینڈیٹ ہے، انہوں نے کہا کہ کامیاب ہونے والی جماعت کو اقتدار سونپ دیا جائے گا اور حکومت اپنی مدت میں ایک دن کی بھی توسیع نہیں کرے گی۔

میر ہزار خان کھوسو نے کہا کہ ہم کسی کو ملک کے امن ومان سے کھیلنے کی اجازت نہیں دیں گے مگرافسوس کے ساتھ کہنا پڑ رہا ہے کہ کراچی، خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں دہشت گردی کے واقعات میں انسانی جانوں کا ضیاع ہوا جس کی ہم سختی سے مذمت کرتے ہیں، حکومت نے انتخابات کے دوران کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے فوج کے کوئیک رسپانس دستے تعینات کئے ہیں، وزارت داخلہ نے حساس سیل بھی قائم کیا ہے جو معلومات اکٹھی کرکے صوبائی حکومتوں کو ارسال کرے گا کیوں کہ امن وامان برقرار رکھنا صوبوں کی ذمہ داری ہے، بلوچستان سے نگراں وزیراعظم کے تقرر سے امید ہے کہ اس سے صوبے کا احساس محرومی ختم کرنے میں مدد ملے گی، میں نے حال ہی میں بلوچستان کا دورہ کیا مجھے خوشی ہے کہ تمام جماعتیں انتخابات میں حصہ لے رہی ہیں، کراچی میں امن وامان کی صورت حال ممکن بنانے کے لئے سندھ کا دورہ بھی کیا۔

نگراں وزیر اعظم نے کہا کہ عوام کو لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے جن مشکلات کا سامنا ہے اس کا انہیں پوری طرح احساس ہے، ہمیں یہ بحران ورثے میں ملا لیکن میں نے بجلی کا بحران حل کرنے لئے وزارت خزانہ کو 45 ارب روپے جاری کرنے کا حکم دے دیا ہے، وزارت پانی وبجلی کو خصوصی ہدایت کی ہے کہ 10 مئی کی شام سے 36 گھنٹے کے لئے پورے ملک میں کہیں بھی لوڈ شیڈنگ نہ کی جائے اور وزارت خزانہ کو ہدایت جاری کہ ہے آئندہ بجٹ حقیقت پسندانہ ہو اور غیر ضروری اخراجات میں کٹوتی کی جائے تاکہ عام آدمی پر غیر ضروری بوجھ نہ ڈالا جائے، مجھے امید ہے کہ ہم آنے والی حکومت کو بہتر معیشت دے کر جائیں گے۔

نگراں وزیر اعظم نے کہا کہ میں تمام سیاسی جماعتوں اوران کے کارکنوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں کہ وہ عام انتخابات میں بھرپور حصہ لے رہے ہیں اورایک منتخب حکومت ہی ملکی مسائل حل کرسکتی ہے، پاکستان میں عام انتخابات پر پوری دنیا کی نظریں ہیں اور غیر ملکی مبصرین کی ٹیمیں بھی ملک میں موجود ہیں، ہمیں اپنے اتحاد سے یہ ثابت کرنا ہوگا کہ ہم ایک ذمہ دار اور باشعور قوم ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں