ریٹائرڈ ملازمین کی انتخابی ڈیوٹی لگانے کا انکشاف

محکمہ تعلیم اور دیگر سرکاری اداروں نے ملازمین کی 2013ہی کی فہرست الیکشن کمیشن کو ارسال کردی


Arshad Baig July 05, 2018
الیکشن کمیشن کے عملے نے کئی سرکاری ملازمین کو بیک وقت ایک سے زاید حلقوں میں بطور پریزائیڈنگ افسر مقرر کردیا۔ فوٹو: فائل

انتخابات کے سلسلے میں الیکشن کمیشن اورسرکاری اداروں کی سنگین غفلت اورلاپروائی سامنے آگئی تاہم رٹائر ملازمین کی انتخابی ڈیوٹی لگانے کاانکشاف ہوا ہے۔

رٹائرڈ اور الیکشن سے قبل رٹائرڈ ہونے والے سرکاری ملازمین کی بھی پریزائیڈنگ افسرکی حیثیت سے ڈیوٹی لگادی گئی ہے،درجنوں رٹائر ڈملازمین نے آر اوز کو اپنی رٹائرمنٹ سے تحریری طور پر آگاہ کیا ہے۔

واضح رہے کہ چیف الیکشن کمیشن نے تمام صوبائی الیکشن کمیشن کو تحریری طور پر مکتوب ارسال کیا تھا کہ جس میں کہا گیا تھا کہ رٹائرڈ اور انتخابات سے قریب رٹائرڈ ہونے والے سرکاری ملازمین کی انتخابی ڈیوٹی نہ لگائی جائے ،آر اوز کو الیکشن کمیشن کی جانب سے ارسال کردہ فہرست کے مطابق سیکڑوں سرکاری ملازمین رٹائرڈ ہوچکے ہیں جبکہ سیکڑوں ملازمین 20جولائی کو رٹائرڈ ہوجائیں گے ،اس معاملے کا انکشاف آر اوز کو دی جانے والی درخواستوں میں ہوا ہے۔

سٹی کورٹ کے آر اوز کے مطابق الیکشن کمیشن نے سرکاری محکموں سے انتخابی ڈیوٹی کیلیے فہرست طلب کی تھی ،محکمہ تعلیم اور دیگر سرکاری اداروں نے ملازمین کی 2013ہی کی فہرست الیکشن کمیشن کو ارسال کردی، الیکشن کمیشن نے فہرست کو دیکھنے کی زحمت ہی نہیں کی اور تمام سرکاری اداروں کے ملازمین کی فہرست آر اوز کو فراہم کردی ،قانون کے مطابق غیرسرکاری ملازم انتخابی ڈیوٹی سرانجام نہیں دے سکتا۔

ماہرین کے مطابق یہ قانونی نقطہ ہے اگر اس معاملے کو عدالت میں چیلنج کیا جاسکتا ہے جو انتخابی عمل میں رکاوٹ کا باعث بن سکتا ہے ،واضح رہے کہ اسکول ٹیچر سرجاج بیگم،عائشہ بیگم ابراہیم ،علی بروہی سمیت دیگر 28اپریل کو ریٹائر ہوچکے ہیں ،دائر کردہ درخواستوں کے مطابق مزید درجنوں ملازمین 20جولائی کو رٹائر ہوجائینگے۔

کئی سرکاری ملازمین کو بیک وقت ایک سے زاید حلقوں میں بطور پریزائیڈنگ افسر مقرر کردیاگیا ہے،تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے سرکاری ملازمین کی انتخابی ڈیوٹی سے متعلق فہرست فراہم کردی تھی،سرکاری ملازمین کو متعلقہ حلقوں کے آر اوز کے روبرو پیش ہونے کی ہدایت کی گئی تھی اس موقع پر سیکڑوں سرکاری ملازمین نے آر اوز کو تحریری طور پر آگاہ کیا کہ ان کی بیک وقت ایک سے زاید حلقوں میں انتخابی ڈیوٹی دی گئی ہے۔

اسکول ٹیچر محمد اکرم نے بتایا کہ این اے 249کے آر او نے بتایا اسے پولنگ اسٹیشن 83 /80 / 89 / 94میں بھی پریزائیڈنگ افسر مقرر کیا گیا ہے،خاتون سرکاری ملازمہ ملکہ نے بتایا کہ اسے پولنگ اسٹیشن 60 اور 49میں بھی تعینات کیا گیا ہے۔

محکمہ اینٹی کرپشن ، محکمہ تعلیم ودیگرسرکاری اداروں کے ملازمین نے سٹی کورٹ کے تمام آراوز کو تحریری طور پر آگاہ کیا ہے کہ انھیں بیک وقت ایک سے زاید حلقوں میں بطور پریزائیڈنگ افسر تعینات کیا گیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں