نقیب اللہ کو مارنے سے دو گھنٹے قبل اس کی ہلاکت کی پریس کانفرنس کی گئی

نقیب اللہ کو دن 3:21 منٹ پر مقابلے میں قتل کیا گیا، راؤ انوار نے 1:21 منٹ پر پریس کانفرنس میں ہلاکت کا اعلان کیا


ویب ڈیسک July 05, 2018
نقیب اللہ کو دن 3:21 منٹ پر مقابلے میں قتل کیا گیا، راؤ انوار نے 1:21 منٹ پر پریس کانفرنس میں ہلاکت کا اعلان کیا فوٹو:فائل

سابق ایس ایس پی ملیر راؤ انوار نے نقیب اللہ کے قتل سے 2 گھنٹے پہلے ہی اس کی ہلاکت کی پریس کانفرنس کی تھی۔

کراچی کی انسداد دہشت گردی کی عدالت میں نقیب اللہ قتل کیس کی سماعت ہوئی جس میں سابق ایس ایس پی ملیر راؤ انوار بھی پیش ہوئے۔ عدالت نے راؤ انوار کی درخواستِ ضمانت پر دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا جو 10 جولائی کو سنایا جائے گا۔

آج راؤ انوار کی درخواستِ ضمانت کی سماعت کے دوران اہم تفصیلات سامنے آگئیں۔ مقدمہ کے مدعی صلاح الدین پہنور ایڈووکیٹ نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ نقیب اللہ کو ساتھیوں سمیت دن 3:21 منٹ پر جعلی مقابلے میں قتل کیا گیا، راؤ انوار نے مقابلے سے دو گھنٹے پہلے 1:21 منٹ پر پریس کانفرنس میں نقیب اللہ اور دیگر ساتھیوں کے قتل کی تصدیق کی، مقابلہ بعد میں کیا گیا تو ملزمان کے قتل کی تصدیق پہلے کیسے کی جاسکتی ہے، درحقیقت راؤ انوار مقابلے کے وقت جائے وقوعہ پر موجود تھے۔

یہ بھی پڑھیں: راؤ انوار کی نقیب اللہ قتل کیس کے پیروی کرنے والے سیف الرحمن کو دھمکیاں

صلاح الدین پہنور ایڈووکیٹ نے کہا کہ راؤ انوار نے ہی میڈیا نمائندوں کو فون کرکے جعلی مقابلے سے متعلق آگاہ کیا اور جائے وقوعہ پر بلایا، پولیس نے تحقیقات میں بھی راؤ انوار کو ملزم قرار دیا، راؤ انوار نے اس سے پہلے بھی کئی جعلی مقابلے کیے ہیں جس کی تصدیق پولیس حکام نے تفتیش کے دوران کی ہے، راؤ انوار ہائی پروفائل ملزم ہیں ان کی ضمانت منظور نہ کی جائے۔

نقیب اللہ کیس کا پس منظر


13 جنوری 2018 کو کراچی کے ضلع ملیر میں اس وقت کے ایس ایس پی ملیر راؤ انوار کی جانب سے ایک مبینہ پولیس مقابلے میں 4 دہشتگردوں کی ہلاکت کا دعویٰ کیا گیا تھا تاہم بعد میں معلوم ہوا کہ ہلاک کئے گئے لوگ دہشتگرد نہیں بلکہ مختلف علاقوں سے اٹھائے گئے بے گناہ شہری تھے جنہیں ماورائے عدالت قتل کردیا گیا۔ جعلی پولیس مقابلے میں ہلاک ہونے والے ایک نوجوان کی شناخت نقیب اللہ کے نام سے ہوئی۔

سوشل میڈیا صارفین اور سول سوسائٹی کے احتجاج کے بعد سپریم کورٹ نے واقعے کا از خود نوٹس لیا تھا۔ از خود نوٹس کے بعد راؤ انوار روپوش ہوگئے اور اسلام آباد ایئر پورٹ سے دبئی فرار ہونے کی بھی کوشش کی لیکن اسے ناکام بنادیا گیا۔ کچھ عرصے بعد وہ سپریم کورٹ میں پیش ہوئے جہاں سے انہیں گرفتار کرلیا گیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں