سہ ملکی ٹی 20 سیریز پاکستان نے آسٹریلیا کو 45 رنز سے شکست دیدی

آسٹریلیا کی ٹیم مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 149 رنز ہی بناسکی


ویب ڈیسک July 05, 2018
پاکستان کی جانب سے فخرزمان نے 73 ، آصف علی نے 37 اور شعیب ملک نے 27 رنز بنائے۔ فوٹو : فائل

سہ ملکی ٹی 20 سیریز کے پانچویں میچ میں پاکستان نے آسٹریلیا کو 45 رنز سے شکست دیدی۔

زمبابوے کے شہر ہرارے میں کھیلے گئے سہ ملکی ٹی 20 سیریز کے پانچویں میچ میں پاکستان نے آسٹریلیا کو 45 رنز سے شکست دیدی، پاکستان کے 195 رنز کے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کی جانب سے اننگز کا آغاز ایرون فنچ اور آرسی شارٹ نے کیا۔ دونوں اوپنرز پراعتماد آغاز فراہم کرنے میں ناکام رہے اور صرف 29 کے مجموعی اسکور پر ایرون فنچ 16 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے، تیسرے نمبر پر آنے والے کھلاڑی مائیکل ہیڈ بھی صرف 7 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے جب کہ گلین میکس ویل کو شاہین آفریدی نے ایل بی ڈبلیو کیا، انہوں نے صرف 10 رنز بنائے۔

اوپنر آرسی شارٹ نے مزاحمت کی کوشش کی تاہم قومی ٹیم کے بولرز کی شاندار بولنگ کے باعث وہ بھی 28 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے، آسٹریلیا کی جانب سے الیکس سرے نے سب سے زیادہ 37 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی تاہم وہ ٹیم کو میچ جتوانے میں ناکام رہے۔ آسٹریلیا کی ٹیم مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر صرف 149 رنز ہی بناسکی۔

پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے زبردست بولنگ کا مظاہرہ کیا اور 3 وکٹیں حاصل کیں جب کہ محمد عامر، فہیم اشرف، شاداب خان اور عثمان خان نے صرف ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل آسٹریلیا نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز حارث سہیل اور فخرزمان نے کیا تاہم حارث سہیل بغیر کوئی رن بنائے دوسرے اوور میں آؤٹ ہوگئے جب کہ فخرزمان نے جارحانہ اننگز کا مظاہرہ کیا اور نصف سنچری مکمل کرتے ہوئے 73 رنز بنائے، فخرزمان کا ساتھ تیسرے نمبر پر آنے والے حسین طلعت نے دیا اور 30 رنز کی اننگز کھیلی تاہم 80 کے مجموعی اسکور پر وہ آؤٹ ہوگئے۔

کپتان سرفراز احمد زیادہ دیر آسٹریلوی بولرز کا مقابلہ نہ کرسکے اور صرف 14 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے تاہم شعیب ملک اور آصف علی نے جارحانہ انداز اپنایا، شعیب ملک نے 15 گیندوں پر 27 جب کہ آصف علی نے 18 گیندوں پر 37 رنز کی اننگز کھیلی جس کی بدولت قومی ٹیم نے مقررہ اوورز میں 7 کھلاڑیوں کے نقصان پر 194 رنز بنائے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں