نوازشریف کے سابق پرنسپل سیکرٹری فواد حسن فواد گرفتار

فواد حسن فواد نے مجموعی طور پر قومی خزانے کو اربوں روپے کا نقصان پہنچایا، ڈی جی نیب لاہور


ویب ڈیسک July 05, 2018
فواد حسن فواد نے مجموعی طور پر قومی خزانے کو اربوں روپے کا نقصان پہنچایا، ڈی جی نیب لاہور فوٹو:نیب

قومی احتساب بیورو (نیب) نے آشیانہ ہاؤسنگ کرپشن اسکینڈل میں نواز شریف کے سابق پرنسپل سیکرٹری فواد حسن فواد کو گرفتار کرلیا۔

نیب لاہور کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق آشیانہ اقبال پراجیکٹ کیس میں سابق وزیر اعظم نواز شریف کے پرنسپل سیکرٹری فواد حسن فواد نیب کے سامنے پیش ہوئے۔ فواد حسن فواد نے نیب حکام کے سامنے بیان ریکارڈ کرایا تاہم وہ تحقیقاتی ٹیم کو مطمئن نہ کر سکے۔ اس پر نیب نے کارروائی کرتے ہوئے انہیں حراست میں لے لیا۔ ڈی جی نیب نے فواد حسن فواد کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ملزم نے مجموعی طور پر قومی خزانے کو اربوں روپے کا نقصان پہنچایا۔ نیب نے گرفتاری کے بعد ملزم کی تصویر بھی جاری کردی ہے۔

نیب کے مطابق فواد حسن فواد نے بطور سیکرٹری امپلیمینٹیشن برائے وزیراعلی پنجاب اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے آشیانہ اقبال پراجیکٹ کا سرکاری طور پر ٹھیکہ حاصل کرنے والی کمپنی چوہدری لطیف اینڈ سنز کا ٹھیکہ معطل کردیا، ملزم کے غیر قانونی اقدام کی وجہ سے حکومت کو 5.9 ملین بطور جرمانہ ادا کرنا پڑا، منصوبہ التواء کا شکار ہوگیا اور لاگت میں اربوں روپے کا اضافہ ہوا۔

فواد حسن فواد نے بدنیتی کے تحت انکوائری کمیٹی کی کنٹریکٹ کی رپورٹ کو بھی چھپایا، ملزم پر بطور سیکرٹری ہیلتھ پنجاب مہنگے داموں 6 موبائل ہیلتھ یونٹس خریدنے کا بھی الزام ہے، ملزم 9 سی این جی پمپس کی ایک ضلع سے دوسرے ضلع منتقلی کے لئے جعلی این او سی تیار کروانے میں ملوث رہا جس سے ملکی خزانے کو مجموعی طور پر اربوں روپے کا نقصان پہنچا، نیب لاہور کی جانب سے کرپشن تحقیقات کے لیے ملزم کو 11 مرتبہ طلب کیا گیا لیکن ملزم صرف 2 مرتبہ نیب حکام کے روبرو پیش ہوا۔

یہ بھی پڑھیں: ایف بی آر سے فواد حسن کا ریکارڈ طلب

اس سے قبل نیب لاہور نے فروری اور اپریل میں بھی فواد حسن فواد کو طلب کرکے تفتیش کی تھی جبکہ ایف بی آر سے ان کے اثاثوں کی تفصیلات بھی حاصل کی گئی تھیں۔ فواد حسن فواد 2013 میں اس وقت کے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے سیکریٹری بھی رہ چکے ہیں۔ فواد حسن فواد نے 21 نومبر 2015 کو وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری کے طور پر عہدہ سنبھالا تھا۔ انہوں نے نوازشریف اور شاہد خاقان عباسی دونوں کےساتھ کام کیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں